لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی کی صدر اور اتر پردیش کی سابق وزیر اعلی مایاوتی نے جمعہ کو یوم آئین کے موقع پر مرکزی اور ریاستی حکومتوں پر آئین کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی یوم دستور کے پروگراموں میں شرکت نہیں کرے گی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے، بی ایس پی سربراہ نے کہا، ‘آج یوم آئین کے موقع پر مرکزی اور تمام ریاستی حکومتوں کو اس بات کا مکمل جائزہ لینا چاہیے کہ آیا یہ حکومتیں ہندوستانی آئین کی خلوص نیت سے پیروی کر رہی ہیں۔ ہماری پارٹی کا خیال ہے کہ یہ حکومتیں آئین پر عمل نہیں کر رہی ہیں۔ اسی لیے ہماری پارٹی نے یوم دستور پر مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے منعقد کیے جانے والے پروگراموں میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
