نندپیٹ کو قومی اعزازاوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں اے پی ایم مانیکم کو قومی ایوارڈ
آرمو ر یکم جون /( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ملک میں ہر خاندان کی فی کس آمدنی میں اضافہ کرنے کے مقصد سے مرکزی و ریاستی حکومتیں خواتین کی خود کفالت کو فروغ دے رہی ہیں۔ خواتین کی معاشی خود مختاری کے لیے شروع کیا گیا “لکپتی دیدی” پروگرام کئی خاندانوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا رہا ہے۔ اسی پروگرام کے تحت اوڈیشہ کے دارالحکومت بھونیشور میں منعقدہ قومی کانفرنس میں نندپیٹ منڈل سے اے پی ایم مانیکم نے تلنگانہ کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی سطح کا ایوارڈ حاصل کیا، جس سے نندپیٹ منڈل کو قومی سطح پر پہچان ملی۔یہ کانفرنس 29 اور 30 مئی کو بھونیشور کے لوک سیوا بھون میں منعقد ہوئی، جس میں اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجی، نائب وزیر اعلیٰ اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملک کی 25 ریاستوں سے منتخب خواتین نمائندوں نے حصہ لیا۔ تلنگانہ سے مانیکم کے ساتھ نندپیٹ ہیڈکوارٹر سے اجمیری بیگم اور کونڈور گاؤں سے منگو لاونیا نے بھی شرکت کی۔نندپیٹ منڈل، نظام آباد ضلع کا وہ پہلا منڈل ہے جس نے 100 فیصد اجیویکا رجسٹریشن مکمل کیا ہے۔ یہاں کے 80 منتخب خاندانوں کو “لکپتی دیدی” پروگرام کے تحت شامل کرتے ہوئے ہر تین ماہ میں ان کی آمدنی کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ان کی سالانہ فی کس آمدنی ایک لاکھ روپے تک پہنچ سکے۔ اسی مثالی کارکردگی کی بنیاد پر نندپیٹ کو قومی اعزاز حاصل ہوا۔آئی کے پی کے ذریعے خواتین کو مالی امداد فراہم کرتے ہوئے چھوٹے پیمانے کے کاروبار جیسے کریانہ، درزی کام، ڈیری، کپڑوں کی دکانیں، آٹا چکیاں، اور لیڈیز جنرل اسٹورز کے ذریعے انہیں خود کفیل بنایا جا رہا ہے، جس میں مانیکم نے کلیدی کردار ادا کیا۔اس اعزاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مانیکم نے ڈی آر ڈی او آفیسر سائی گوڑ، ایڈیشنل ڈی آر ڈی او رویندر، منڈل آئی کے پی اسٹاف اور خواتین سنگھم قائدین کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔یہ قومی ایوارڈ نہ صرف نندپیٹ منڈل بلکہ پورے نظام آباد ضلع کے لیے فخر کا باعث بن گیا ہے۔