میدک ۔ یکم اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر پرتیما سنگھ نے ہدایت دی ہے کہ 99 روزہ عوامی نظم و نسق ترقیاتی پروگرام کے تحت 2 اپریل کو تمام گرام پنچایتوں میں گرام سبھاؤں کے انعقاد کے لیے جامع انتظامات کیے جائیں اور ان سبھاؤں کو مؤثر انداز میں منعقد کرتے ہوئے حکومت کی مختلف اسکیمات کو عوام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں اور عوام کی کثیر تعداد میں شرکت کو یقینی بنایا جائے اور حکومت کی جانب سے نافذ کردہ اسکیمات جیسے رعیتو بھروسہ، رعیتو بیمہ، کسان قرض معافی، سائل ہیلتھ کارڈ اور دیگر زرعی و فلاحی پروگراموں کی تفصیلات عوام کو واضح طور پر بتائی جائیں۔ کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مستفیدین کی فہرست کو شفاف طریقے سے پیش کیا جائے اور گرام سبھا کے انعقاد سے قبل شیڈول تیار کرکے پنچایت سیکریٹریز کو مطلع کیا جائے، نیز گاؤں میں حکومت سے مستفید ہونے والے افراد کی فہرست پڑھ کر سنائی جائے۔