۔ 29 نومبر تک گاؤں گاؤں مہم ،عام لوگوں کا جینا دوبھر ہوگیا ہے: کانگریس
نئی دہلی: کانگریس نے مودی حکومت کی پالیسیوں کو غریب مخالف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے عام لوگوں کا جینا دوبھر ہوگیا ہے ، اس لیے پارٹی اس کی اصلیت عوام کے سامنے لانے کے لیے 14 نومبر سے ملک گیر عوامی بیداری مہم شروع کرے گی۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، سینئر لیڈر دگ وجئے سنگھ اور میڈیا ڈپارٹمنٹ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے چہارشنبہ کے روز یہاں کانگریس کے ہیڈکوارٹر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت نے پٹرول۔ڈیزل سمیت ایندھن پر ایکسائز ڈیوٹی بے تحاشہ بڑھا کر عام شہریوں کی جیب کاٹنے کا کام کیا ہے ۔ حکومت کی اس پالیسی کے خلاف کانگریس 14 سے 29 نومبر تک عوامی بیداری مہم چلائے گی اور غریبوں کی آواز اٹھائے گی۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کے سینئر لیڈران بھی اس مہم میں حصہ لیں گے اور سات روزہ پیدل مارچ بھی نکالیں گے اور لوگوں کو بی جے پی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں سے واقف کرائیں گے ۔ پیدل مارچ کے دوران کانگریس کارکنان زیادہ سے زیادہ لوگوں سے رابطہ کریں گے اور عوام کو حکومت کی معاشی بدانتظامی سے آگاہ کریں گے ۔ اس دوران پارٹی کے کارکنان گاؤں اور قصبوں میں جائیں گے اور وہیں رات بھی گزاریں گے ۔