کٹیہار میں تیجسوی یادو کا اقلیتوں سے وعدہ، مختلف قائدین کا خطاب،بہار الیکشن کی مہم میں تیزی
کٹیہار (بہار)26؍اکتوبر( ایجنسیز)مہاگٹھ بندھن کے وزیر اعلیٰ عہدہ کے امیدوار اور آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے اتوار کو کہا کہ اگر بہار میں ان کی حکومت آتی ہے تو وقف (ترمیمی) ایکٹ کو کوڑے دان میں پھینک دیا جائے گا۔ کٹیہار ضلع میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ ان کے والد اور آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے ملک میں فرقہ پرست طاقتوں سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے نتیش کمار کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ایسی طاقتوں کا ساتھ دیا ہے جن کی وجہ سے فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہوتی ہیں۔ انہیں کی وجہ سے آر ایس ایس سے منسلک تنظیمیں ریاست کے ساتھ ساتھ ملک میں بھی فرقہ وارانہ منافرت پھیلا رہے ہیں۔تیجسوی یادو نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ریاست کے لوگ 20 سال پرانی نتیش حکومت سے تھک چکے ہیں۔ ساتھ ہی ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ ہوش میں نہیں ہیں، حکومت کے ہر محکمہ میں بدعنوانی پھیلی ہوئی ہے۔ ریاست میں لا اینڈ آرڈر مکمل طور سے تباہ ہوچکا ہے۔ سابق نائب وزیر اعلیٰ کے مطابق این ڈی اے حکومت نے سیمانچل کی ترقی کے لیے کچھ نہیں کیا ہے۔ اگر ہم اقتدار میں آتے ہیں تو اس علاقے کی مجموعی ترقی کے لیے سیمانچل ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کریں گے۔دوسری جانب پٹنہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے این ڈی اے کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ حکومت بنانے کا دعویٰ کرنے والے لوگ پہلے یہ بتائیں کہ این ڈی اے میں وزیر اعلیٰ کا چہرہ کون ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کے پاس دکھانے کے لیے آئندہ 5 سال تک کا کوئی روڈ میپ نہیں ہے۔ تیجسوی یادو نے جو انتخابی وعدے کیے ہیں اسے حکومت بننے کے بعد نافذ کیا جائے گا۔ ایک ایک وعدہ کو مکمل کرنے کا کام کیا جائے گا۔ بہار کے لوگوں نے تیجسوی یادو کے 17 ماہ کا کام دیکھا ہے۔تیجسوی یادو کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں یقین رکھتی ہے۔ ہم جو کہتے ہیں اسے کرتے ہیں۔ ہم نے جتنے بھی وعدے کیے انہیں مکمل کیا۔ اب جو ہم کہہ رہے ہیں اسے بھی مکمل کریں گے۔ دوسرے لوگ تبصرہ کریں یا تنقید کریں ہمیں جواب دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم عوام کو واضح طور پر بتا رہے ہیں کہ آئندہ 5 سالوں میں ہم کیا کریں گے۔ اس بار بہار کے لوگ تبدیلی کیلئے بے چین ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے مرکزی حکومت کے منصوبوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ 2 کروڑ ملازمتیں۔ اسٹارٹ اپ انڈیا، میک ان انڈیا کا کیا ہوا؟ ہم کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔اس جلسہ عام سے دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔
بہاراسمبلی الیکشن: تیجسوی یادو کا بڑا اعلان!
پنچایت نمائندوںکیلئے پنشن، انشورنس اور 5 لاکھ کی مدد کا اعلان
پٹنہ ۔26؍اکتوبر( ایجنسیز )بہارمیں حکومت تبدیلی کے عوامی رجحان سے پر جوش کانگریس زیر قیادت مہا گٹھ بندھن کے قائدین نے اسمبلی انتخابات میں بڑی کامیابی درج کرانے کیلئے اپنی انتخابی مہم تیز کردی ہے۔ اس دوران مہا گٹھ بندھن کی جانب سے وزیراعلیٰ عہدے کا چہرہ اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے اتوار کو ایک اور بڑا وعدہ کیا۔ انہوں نے بہار اسمبلی انتخابات میں مہا گٹھ بندھن کے اقتدار میں آنے پر پنچایت کے نمائندوں کو پنشن اور انشورنس کور دینے کا وعدہ کیا ہے۔پٹنہ میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ انتخابی مہم تیز ہو گئی ہے اور بہار تبدیلی کیلئے بے چین ہے۔ موجودہ نتیش کمار حکومت پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہار میں 20 سالوں سے کھٹارا سرکار ہے مگر اب عوام تبدیلی کیلئے بے چین ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جہاں بھی جاتے ہیں، تمام ذاتوں اور مذاہب کے لوگ ان کی حمایت کے لیے بڑی تعداد میں سامنے آرہے ہیں۔ آرجے ڈی لیڈر نے کہا کہ عوام بہار کی موجودہ حکومت سے تنگ آچکے ہیں اور اسے بدلنا چاہتے ہیں۔ اس حکومت میں بدعنوانی اور جرائم عروج پر ہیں اور لوگ بی جے پی کو سمجھ چکے ہیں۔بی جے پی اور امیت شاہ پر طنز کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار میں جان بوجھ کر کارخانے نہیں لگنے دیئے گئے۔ سابق نائب وزیراعلیٰ نے اپنی حکومت کی کامیابیوں کو بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے17 مہینوں میں بہت کام ہوا تھا، چاچا جی نہیں پلٹے ہوتے تو اور بھی کام ہوتا۔ کانگریس اور اتحاد کے بارے میں آر جے ڈی لیڈر نے کہا کہ وہ ایک ساتھ انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور مستقبل میں راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کے ساتھ انتخابی مہم بھی شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تیجسوی نے کسی کا نقصان نہیں کیا ہے اور نہ تیجسوی سے کسی کو شکایت ہے۔ بہار کے عوام نے پچھلی حکومت کو 20 سال دیے اور اب ہم صرف 20 مہینے مانگ رہے ہیں۔