سنگاریڈی میں اساتذہ تنظیموں کا ایک روزہ احتجاجی دھرنا، قائدین کا خطاب
سنگاریڈی۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائد ٹیچرس آرگنائزیشن (JACTO) اور اوپادھیالا سنگھلا پوراٹا کمیٹی (USPC) کی جانب سے زبردست احتجاجی پروگرام اور ایک روزہ بھوک ہڑتال کا اہتمام کیا گیا جس میں کافی تعداد میں اساتذہ نے شرکت کی۔ بھوک ہڑتال اور احتجاج کو کلکٹریٹ آفس سنگاریڈی کے بازو منعقد کیا گیا۔ جیاکٹو اور یو ایس پی ایس کے قائدین وائی اشوک کمار، لکشما ریڈی، سید صابر علی، محمد ذاکر حسین، لکشما یادو، سوما شیکھر، شیکھر، سائیلو اور دیگر نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوراً حکومت پروموشنس اور تبادلوں کا عمل شروع کرے۔ مدارس میں خالی پڑی ہوئی جائیدادوں پر بھرتی کی جائے ۔ پی ای ٹی اور پنڈت پوسٹوں کو اَپ گریڈ کیا جائے اور فوری طور پر پی آر سی اور آئی آر کا اعلان کرتے ہوئے روبہ عمل لائے۔ ماڈل اسکولس اساتذہ کے ٹرانسفر کروائے جائیں اور ان کو بھی پروموشنس دیئے جائیں۔ ٹیچرس کے کامن سرویس رولز کے حصول میں حکومت خصوصی دلچسپی لے۔ مدارس میں اسکاونجرس کا تقرر کیا جائے۔ تمام مدارس کو بنیادی سہولتوں سے آراستہ کیا جائے۔ ان تمام قائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ 29ڈسمبر سے پہلے ان مطالبات کے حل کیلئے اعلانات کئے جائیں ورنہ 29 ڈسمبر کو ہزاروں کی تعداد میں حیدرآباد میں دھرنا چوک پر اساتذہ شدت کے ساتھ احتجاج شروع کریں گے۔ ان تمام قائدین نے اس احتجاجی پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اسے کامیاب بنانے پرتمام اساتذہ کا فرداً فرداً شکریہ ادکیا۔