حکومت اور الیکشن کمیشن میں ٹکراؤ ختم کرنے ہائی کورٹ کی مساعی

   

Ferty9 Clinic


پنچایت راج انتخابات پر باہم مشاورت کرنے کی ہدایت
حیدرآباد: آندھراپردیش میں پنچایت راج انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں حکومت اور اسٹیٹ الیکشن کمیشن کے درمیان ٹکراؤ کو ختم کرنے کیلئے ہائی کورٹ نے مساعی کی ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے حکومت اور الیکشن کمیشن کو انتخابات کے سلسلہ میں مشاورت کی ہدایت دی۔ جسٹس اے سیشا سائی کی زیر قیادت ڈیویژن بنچ نے پرنسپل سکریٹری پنچایت راج گوپال کرشنا کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی سماعت کی جس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے لئے جاری کردہ احکامات کو چیلنج کیا گیا ۔ حکومت کے وکیل نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے کورونا ٹیکہ اندازی پروگرام تین ہفتے تک جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے ۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات کی جن تاریخوں کا اعلان کیا وہ ٹیکہ اندازی کی تاریخوں سے ٹکرا رہے ہیں۔ عدالت نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ اندرون تین یوم اپنے اعتراضات داخل کریں۔ عدالت نے پرنسپل سکریٹری یا چیف سکریٹری رتبہ کے تین عہدیداروں کو اسٹیٹ الیکشن کمیشن سے مذاکرات کے لئے روانہ کرنے کی ہدایت دی۔ ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فروری میں انتخابی تیاریاں مکمل کرلی ہے ۔ عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک انتخابی شیڈول جاری نہیں کیا ۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں۔ ہائی کورٹ نے حکومت اور کمیشن کو بات چیت کی ہدایت دیتے ہوئے 29 ڈسمبر تک سماعت کو ملتوی کردیا ۔