پردیش کانگریس کمیٹی کا توسیعی اجلاس، لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی پر غور، دیپا داس منشی کا خطاب
کانگریس کو اقتدار کیلئے عوام سے اظہار تشکر، 6 ضمانتوں پر عمل آوری میں کارکنوں کو تعاون کا مشورہ
حیدرآباد۔/3 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں پارٹی کی نئی انچارج دیپا داس منشی نے پردیش کانگریس کمیٹی کا توسیعی اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کرتے ہوئے اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو کامیاب بنانے پر عوام سے اظہار تشکر کیا۔ اجلاس نے پارٹی کے قومی قائدین اور ریاستی قائدین سے بھی اظہار تشکر کیا جنہوں نے انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ اجلاس میں حکومت کی چھ ضمانتوں پر عمل آوری کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف منسٹر و صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں ریاستی وزراء ، ضلع کانگریس صدور، پولٹیکل افیرس کمیٹی کے ارکان اور پی سی سی عہدیداروں اور محاذی تنظیموں کے صدورنشین نے شرکت کی۔ دیپا داس منشی نے تلنگانہ میں کانگریس پارٹی میں مزید ٹیم ورک کو فروغ دینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ حکومت اور پارٹی بہتر تال میل کے ساتھ کام کریں تو مزید بہتر نتائج کی توقع کی جاسکتی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیپا داس منشی نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں تک کانگریس کارکنوں کی انتھک جدوجہد کے نتیجہ میں پارٹی برسراقتدار آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام نے کانگریس حکومت سے جو توقعات وابستہ کی ہیں ان پر پورا اُترنا ہماری ذمہ داری ہے۔ سونیا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر تلنگانہ میں حکومت کو بطور تحفہ پیش کیا گیا کیونکہ علحدہ ریاست کی تشکیل سونیا گاندھی کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ کیلئے قائدین کو ابھی سے متحرک ہونا چاہیئے۔ حیدرآباد میں فہرست رائے دہندگان میں بوگس ووٹرس کا حوالہ دیتے ہوئے دیپا داس منشی نے کہا کہ حیدرآباد کے کئی حلقہ جات میں یہ شکایت ملی ہے۔ اس سلسلہ میں قائدین کو خصوصی توجہ مرکوز کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں لوک سبھا کے علاوہ اور بھی کئی انتخابات کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام 6 ضمانتوں پر عمل آوری سے مطمئن ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کارکنوں نے پارٹی کو برسراقتدار لانے کیلئے کئی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں نے تلنگانہ کیلئے غیر معمولی جدوجہد کی تھی اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر توجہ دی جائے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ سابق حکومت نے تلنگانہ کو معاشی بحران سے دوچارکردیا ہے۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد عوام میں خوشی اور مسرت کی لہر ہے۔ ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پارٹی کے لئے کام کرنے والے کارکنوں کو مناسب مقام دیا جائے گا۔ انہوں نے قائدین اور کارکنوں سے کہا کہ لوک سبھا انتخابات تک عوام کے درمیان رہتے ہوئے پارٹی کی کامیابی کی جدوجہد کریں۔1