حکومت اور پارٹی کے درمیان پُل کا کام کرونگا : مہیش کمار گوڑ

   

چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک سے خیرسگالی ملاقات
حیدرآباد ۔ 7 ستمبر (سیاست نیوز) نومنتخب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر ملوبھٹی وکرامارک سے خیرسگالی ملاقات کی۔ دونوں نے مہیش کمار گوڑ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ پردیش کانگریس کی صدارت ان کیلئے بہت بڑا ٹاسک ہے۔ بحیثیت صدر پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی نے جو نقوش چھوڑیں ہیں اس کو برقرار رکھتے ہوئے پارٹی کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ گرام پنچایت اور مقامی اداروں کے انتخابات ان کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے۔ وہ پارٹی کے تمام جونیر اور سینئر قائدین کو ساتھ لیکر کام کریں گے جہاں سینئر قائدین کے تجربہ سے استفادہ کیا جائے گا وہیں جونیر قائدین کے جوش و جذبہ کو صحیح طور پر استعمال کیا جائے گا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ وہ آئندہ دو یا تین دن میں پردیش کانگریس کمیٹی کی نئی ذمہ داری قبول کریں گے۔ قبل از مہیش کمار گوڑ نے اپنے ارکان خاندان کے ساتھ جوبلی ہلز چیف منسٹر کی قیامگاہ پہنچ کر ان سے ملاقات کی۔ انہیں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی صدر منتخب ہونے میں تعاون کرنے پر اظہارتشکر کیا۔ اس کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر سے ملاقات کی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پارٹی کیلئے خدمات انجام دینے والوں کی محنت کبھی ضائع نہیں ہوگی۔ وہ گذشتہ 40 سے پارٹی سے وابستہ ہیں۔ کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی سے انہوں نے اپنے سیاسی زندگی کا آغاز کیا۔ ریاستی و قومی سطح پر پارٹی میں کئی عہدوں پر خدمات انجام دینے کے بعد پردیش کانگریس کمیٹی کی باگ ڈور ان کے حوالے کی گئی ہے۔ پارٹی پر بھروسہ کرنے اور اصولوں پر قائم رہنے والوں کے ساتھ ضرور انصاف ہوگا۔ پارٹی اور حکومت کے درمیان وہ پُل کا رول ادا کریں گے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی صدارت کیلئے پارٹی کے کئی قائدین دعویدار تھے۔ تاہم پارٹی ہائی کمان نے بی سی طبقہ کو اہمیت دی ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی صدارت کیلئے دعویدار رہنے والے قائدین کے ساتھ وہ مل کر کام کریں گے۔ ان کا اگلا نشانہ پارٹی کو دیہی علاقوں سے مضبوط کرنا اور گرام پنچایت و مقامی اداروں کے انتخابات میں پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ عہدوں کی تقسیم میں کانگریس پارٹی سماجی انصاف کرے گی۔2