ممبئی: مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے پیر کو کہا کہ مرکزی حکومت کے محکمہ صحت کو کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومی کرون کے لیے نئی ہدایات جاری کرنی چاہئیں کیونکہ یہ بچوں کو بھی متاثر کرتا ہے ۔ یہاں چیتیہ بھومی پر ڈاکٹر بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کے بعد پوار نے نامہ نگاروں سے کہا کہ مرکزی حکومت کو کورونا وائرس کی اس نئی شکل کے خلاف سخت قدم اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں پوار نے کہا کہ مرکزی حکومت کو کورونا وائرس کی بوسٹر خوراک پر اپنی پالیسی کو عام کرنا چا ہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ’اومی کرون‘ کے بڑھتے بحران کے پیش نظر ضروری ہے کہ مرکزی حکومت کا محکمہ صحت سخت پالیسی کا اعلان کرے اور اسے اپنائے ۔ جن شہروں میں بین الاقوامی ہوائی اڈے ہیں ان کے الگ قوانین ہونے چاہئیں۔ پوار نے تمام سیاسی جماعتوں سے یہ بھی کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ فرقوں کے درمیان ‘کوئی اختلافات پیدا نہ ہوں۔