حکومت بڑھتی بیروزگاری پر خاموش: اپوزیشن

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی ۔ 6 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن نے آج حکومت پر شدید تنقید کی کہ وہ انحطاط پذیر شرح ترقی پر قابو پانے میں ناکام ہوگئی ہے اور بڑھتی بیروزگاری نیز بڑھتے افراط زر پر بھی کوئی اقدامات کرنے سے قاصر ہے۔ لوک سبھا نے مرکزی بجٹ 2020-21 پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان نے کہا کہ وزیر فینانس نرملا سیتارامن نے اپنی طویل تقریر میں بیر وزگاری کا ایک بار بھی ذکر نہیں کیا ۔ کانگریس ایم پی منیش تیواری میں مباحث کی شروعات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت کورونا وائرس سے متاثر ہے لیکن مرکز عام سردی کی دوا دے رہا ہے۔ ان کے ریمارکس پر سابق مرکزی وزیر جیئنت سنہا نے اعتراض کیا اور کہا کہ اپوزیشن پیچھے کی طرف دیکھ رہا ہے جبکہ حکومت 10 بلین ڈالر کی معیشت کی طرف آگے بڑھ رہی ہے۔ ترنمول کانگریس کے ابھیشک بنرجی نے کہا کہ 130 کروڑ لوگوں نے طویل ترین بجٹ تقریر صبر کے ساتھ سنی اور آخر میں انہیں کچھ حاصل نہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگاری 45 سال کی اونچی شرح پر پہنچ چکی ہے، سرمایہ کاری کی شرح 17 سال میں سب سے نیچی ہے۔ گھروں میں بچت 8 سال میں سب سے کم ہے۔