حکومت تاجرین کے جی ایس ٹی اور برقی بلوں کی معافی دے

   

لاک ڈاؤن سے متوسط طبقہ شدید متاثر ، معاشی پیاکیج سے سرکردہ تاجرین کو فائدہ
حیدرآباد۔18مئی(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کو ان تاجرین کے جی ایس ٹی اور برقی بلوں کی معافی کے علاوہ انہیں جائیداد ٹیکس کی ادائیگی سے مستثنی قرار دیا جانا ناگزیر ہے جو کہ مسلسل لاک ڈاؤن میں ہیں اور ان کے تجارتی ادارو ںکو کھولا نہیں جاسکاہے۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کا نقصان تاجرین کو ہوا ہے اور تجارتی اداروں کے بند رہنے سے جو حالات پیدا ہوئے ہیں ان کی پابجائی مرکز کے معاشی پیاکیج سے ہونا ممکن نہیں ہے اسی لئے ریاستی حکومت کو اپنی ریاست کے تاجرین کی فلاح و بہبود اور انہیں شدید نقصانات سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کرتے ہوئے راحت پہنچائی جانی چاہئے۔حکومت تلنگانہ سے شہر حیدرآباد کے تاجرین کے علاوہ اضلاع کے تاجرین نے تجارتی ادارو ںکی کشادگی کی اپیل کی ہے لیکن ریاستی حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ کیا جانا آسان نہیں ہے اسی لئے تجارتی اداروں کی تنظیموں اور سرکردہ تاجرین کی جانب سے حکومت سے اپیل کی جا رہی ہے کہ ریاستی حکومت مرکزی معاشی پیاکیج سے ہونے والے فائدہ کا جائزہ لینے کے بعد فوری طور پر ریاستی حکومت کی جانب سے تجارتی ادارو ںکو فائدہ پہنچانے کے اقدامات کرے کیونکہ مرکزی حکومت کی جانب سے جو معاشی پیاکیج کا اعلان کیا گیا ہے اس کا راست فائدہ چند ایک سرکردہ صنعتی اداروں کو ہوگا جبکہ عام تاجرین تک جو کاروبار کو بند رکھتے ہوئے نقصان کا شکارہوئے ہیں ان کو اس کا کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا اسی لئے ریاستی حکومت برقی بل‘ جائیداد ٹیکس اور جی ایس ٹی میں مراعات فراہم کرنے کے احکامات جاری کرے۔