کویتا کی ضمانت کو سیاسی مسئلہ بنانے کی سی پی آئی کے رکن اسمبلی کی مذمت
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : سی پی آئی کے اسٹیٹ سکریٹری و رکن اسمبلی کے سامبا شیوا راؤ نے تالابوں پر ناجائز قبضوں کی تفصیلات پر وائیٹ پیپر جاری کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ انہوں نے حیڈرا کی کارروائیوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہدامی کارروائیوں کے ساتھ بفر زون اور ایف ٹی ایل میں تعمیراتی سرگرمیوں کی اجازت دینے والے عہدیداروں کے خلاف بھی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سی پی آئی کے رکن اسمبلی نے کہا کہ انہدامی کارروائی سیاست سے بالاتر ہو کر کرنے کی ضرورت ہے ۔ کسی بھی سیاسی جماعت یا قائد کے دباؤ کو قبول کیا جاتا ہے تو چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی نیک نامی متاثر ہوگی ۔ انہوں نے بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کویتا کی ضمانت کو سیاسی مسئلہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کویتا ایک خاتون ہے ۔ انہوں نے غلطی کی ہے یا نہیں عدالت اس کا فیصلہ کرے گی ۔ ایک دختر کے خلاف سیاسی انتقام درست نہیں ہے ۔ اگر کوئی سیاسی اختلافات ہیں تو کے سی آر سے نمٹ لیں ۔ مگر ان کی دختر کو سیاسی بلی کا بکرا نہیں بنایا جانا چاہئے ۔ کے سامبا شیو راؤ نے زرعی قرض معافی کو مشروط بنانے کی مذمت کی ۔ کتنا قرض معاف کیا گیا مزید کتنا قرض معاف کرنا باقی ہے ۔ اس کی وضاحت کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ ساتھ ہی راشن کارڈس کی اجرائی میں بھی شرائط لاگو کرنے کی وجہ دریافت کی ۔ انتخابی وعدے کے مطابق تمام کسانوں کے قرض معاف کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ شہر حیدرآباد میں کتنے تالاب ناجائز قبضوں کا شکار ہوئے اس کی فہرست جاری کرنے کا حیڈرا سے مطالبہ کیا ۔۔ 2