حکومت تلنگانہ تمام طبقات کی یکساں فلاح و بہبود کے عہد کی پابند

   

زیر التواء درخواستوں کی یکسوئی پر زور ، وزیر پسماندہ طبقات پونم پربھاکر کا اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔3۔جنوری(سیاست نیوز) محکمہ بی سی ویلفیرمیں خدمات کو بہتر بنانے کے علاوہ عوام پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والوں کی شکایات کی سماعت میں کسی بھی طرح کی کوئی کوتاہی نہ کی جائے بلکہ ریاستی حکومت تمام طبقات کی یکساں فلاح و بہبود کے عہد کی پابند ہے اسی لئے عہدیداروں کو اپنے محکمہ میں زیر التواء درخواستوں اور منصوبہ جات کی فوری طور پر یکسوئی کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ ریاستی وزیر پسماندہ طبقات مسٹر پونم پربھاکر نے آج سیکریٹریٹ میں اپنے محکمہ کے عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے علاوہ زیر التواء منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے اقدامات کی ہدایا ت جاری کی۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ موجودہ حکومت عوامی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے اسی لئے ’پرجا پالانا ‘ پروگرام کے ذریعہ عوام کے درمیان پہنچ کر ان کے مسائل حل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اسی لئے محکمہ بی سی ویلفیر کو بھی مستعد چاق وچوبند رہتے ہوئے حکومت کی پالیسی پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔مسٹر پونم پربھاکر نے اپنے محکمہ کے عہدیداروں پر واضح کیا کہ وہ اپنے محکمہ میں کسی بھی طرح کی بد عنوانیوں اور بے قاعدگیوں کو برداشت نہیں کریں گے بلکہ ایسا کرنے والوں کے خلاف کاروائی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے جائزہ اجلاس کے دوران محکمہ کی کارکردگی کے متعلق تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے پسماندہ طبقات کے لئے جو اعلان کئے ہیں ان پر عمل آوری کے لئے منصوبہ تیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی اور کہاکہ کانگریس نے اقتدار حاصل کرنے سے قبل جو وعدہ عوام سے کئے ہیں ان تمام وعدوں کو پورا کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔انہو ںنے جائزہ اجلاس کے دوران ریاستی محکمہ بی سی ویلفیر کی کارکردگی کو بہتربنانے اور عوام کے درمیان پہنچ کران کی شکایات کو دور کرنے کی حکمت عملی اختیار کرنے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا ۔3