حکومت تلنگانہ پی آر سی پر عمل درآمد کرنے میں ناکام

   

بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کو شکست دینے ریاستی ملازمین سے بی جے پی کی اپیل
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی نے آج ریاستی حکومت کے ملازمین سے اپیل کی کہ آئندہ منعقد ہونے والے بلدی اور میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں ٹی آر ایس پارٹی کو شکست سے دوچار کریں کیوں کہ اس نے پے ریویژن کمیشن ( پی آر سی ) پر عمل درآمد نہیں کیا ہے اور نہ ہی عبوری ریلیف فراہم کیا ہے ۔ حالانکہ اس نے اس کا وعدہ کیا تھا۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے بی جے پی ترجمان اے راکیش ریڈی نے کہا کہ ہر پانچ سال میں ایک مرتبہ پی آر سی پر عمل درآمد کیا جاتا ہے جس میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جاتا ہے ۔ پی آر سی پر گذشتہ جولائی 2018 ہی میں عمل درآمد کیا جانا تھا لیکن ریاستی حکومت نے ایک کمیٹی تشکیل دی جس نے سفارشات کیے ہیں لیکن ان سفارشات پر عمل درآمد کیا گیا اور نہ ہی پی آر سی پر ہی عمل درآمد کیا گیا ۔ پی آر سی سے قبل حکومت کو عبوری ریلیف کا اعلان کرنا چاہئے تھا لیکن اس کا بھی ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا ۔ راکیش ریڈی نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل چیف منسٹر نے ایمپلائز اسوسی ایشن کا اجلاس طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ انتخابات کے بعد پی آر سی کا اعلان کریں گے کیوں کہ اس وقت انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ تھا پھر انتخابات مکمل ہونے کے بعد انہوں نے کہا کہ وہ گذشتہ جون میں پی آر سی پر عمل درآمد کریں گے لیکن جولائی کے 16 دن ہوگئے ہیں اور پی آر سی کا ہنوز اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔۔