حکومت تلنگانہ کا شہدائے کربلا کو خراج عقیدت

   

وزراء پونم پربھاکر، لکشمن کمار کے علاوہ عامر علی خان ایم ایل سی و دیگر کی الاوہ بی بی پر ڈھٹی کی پیشکشی

حیدرآباد ۔ 5 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کے وفد نے وزیر ٹرانسپورٹ و حیدرآباد انچارج وزیر پونم پربھاکر کی قیادت میں الاوہ بی بی دبیرپورہ پہنچ کر شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ الاوہ بی بی پہنچنے والوں میں وزیراقلیتی بہبود لکشمن کمار، کانگریس ایم ایل سی عامر علی خان، صدرنشین ریاستی وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی، صدرنشین اسپورٹس شیوستیاریڈی کے علاوہ کانگریس قائدین مجیب اللہ شریف، روی کمار، میر ہادی علی، حیدر علی، اعجاز خان، عسکری بیگ، طاہر سعدی کے علاوہ ذکی الدین عاطف اور دوسرے موجود تھے۔ مجلس کے رکن اسمبلی جعفر حسین معراج، ایم ایل سی آفندی کے علاوہ وقف بورڈ، پولیس کے اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔ کانگریس کے وفد نے ریاستی حکومت کی جانب سے علم مبارک پر ڈھٹی پیش کی۔ بی بی کے علم کی زیارت کے بعد وزراء، ایم ایل سی عامر علی خان اور صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے یوم عاشورہ کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کے متعلق آگاہی حاصل کی اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تاریخی بی بی علم کے جلوس کیلئے بہتر سے بہتر انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ ہر سال کی طرح اس سال بھی شہدائے کربلا کو خراج پیش کرنے کیلئے جمع ہونے والوں کو سہولت پہنچائی جاسکے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ جلوس کیلئے ہاتھی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ شہدائے کربلا کی قربانی تاریخی ہے جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔ سید عظمت اللہ حسینی نے بتایا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی وقف بورڈ کی جانب سے 24 گھنٹوں کا کنٹرول قائم کیا گیا ہے۔ وقف بورڈ کے اسٹیج کے ذریعہ ڈھٹی پیش کی جائے گی۔2