آئندہ مانسون سے نئی زرعی پالیسی متعارف، کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد۔/13 مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ میں آبپاشی سہولتوں میں توسیع اور ا س کے سبب رواں موسم کے دوران دھان کی وافر فصل سے حوصلہ پاکر ایک نئی زرعی پالیسی متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت کسانوں کو ان ہی فصلوں کی کاشت کرنا ہوگا جن کا حکومت کی طرف سے فیصلہ کیا جائے گا۔ کورونا وائرس کے پیش نظر نافذ لاک ڈاؤن سے پیدا شدہ مایوس کن صورتحال کے درمیا ن زرعی شعبہ میں ایک خوش آئند اور حوصلہ افزاء تبدیلی رونما ہوئی ہے جو غریب کسانوں اور عوام کیلئے باعث خوشی و اطمینان ہے۔ کوویڈ لاک ڈاون کے دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ دیگراُمور کے علاوہ زراعت پر بھی پوری توجہ مرکوز کررہے ہیں اور اس اساسی شعبہ میں زیادہ سے زیادہ فوائد و منفعت کو یقینی بنانے کے لئے اپنی کوششوں میں شدت پیدا کرچکے ہیں۔ باور کیا جاتا ہے کہ کے سی آر حکومت کی نئی زرعی پالیسی پر اس سال مانسون سے عمل کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ اس سے زرعی شعبہ میں تبدیلی رونما ہوگی ۔