درکار بجٹ فراہم کرنے کا تیقن ۔ انسداد منشیات تقریب سے ڈپٹی چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد۔25۔جون(سیاست نیوز) حکومت ‘ ریاست کو منشیات سے پاک بنانے درکار بجٹ فراہم کرنے تیار ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے آج انسداد منشیات کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ منشیات کی لت سے آج کئی خاندان پریشان ہیں اور جو نوجوان اس لعنت کا شکار ہورہے ہیں ان کے والدین اور سرپرست بچوں کے مستقبل کیلئے پریشان ہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ نوجوانوں کے سنہرے مستقبل کیلئے حکومت ممکنہ اقدامات کر رہی ہے اور انہیں منشیات کی لعنت سے پاک بنائے رکھنے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ مسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کو منشیات سے پاک بنانے خواہ کتنی ہی رقم درکار ہو خرچ کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ تلنگانہ اس لعنت سے پاک ہوجائے۔ انہوں نے بتایا کہ منشیات کی لعنت ملک کے مستقبل کو تاریک بنانے کی کوشش ہے اور جو ملک میں موجود انسانی وسائل کو تباہ کرنا چاہتے ہیں وہ ہندوستان بھر میں منشیات کو فروغ دیتے ہوئے نوجوان نسل کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد سے سختی سے انمٹیں اور حکومت ایسے کسی بھی شخص کو برداشت نہیں کرے گی جو دولت کمانے منشیات کی فروخت کر رہا ہے۔ محکمہ انسداد منشیات کے زیر اہتمام تقریب میں چیف سیکریٹری محترمہ شانتی کماری ‘ ڈائرکٹر جنرل پولیس گپتا‘ و متعلقہ محکمہ کے عہدیداروں و بڑی تعداد میں کالج کے طلبہ موجود تھے۔ محکمہ انسداد منشیات نے منشیات کے استعمال کے عادی نوجوانوں کی حالت پر تیار شارٹ فلم کے علاوہ انسداد منشیات کیلئے تیار کیا گیا نغمہ جاری کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے محکمہ کی جانب سے شعوربیداری مہم کے ساتھ منشیات کی فروخت کو روکنے اقدامات پر بھی توجہ کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے تلنگانہ کو منشیات سے پاک بنانے کا عہد کیا گیا اور اس کو پورا کرنے حکومت کسی بھی حد تک جاسکتی ہے کیونکہ یہ نوجوانوں اور ملک کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔3