حکومت تلنگانہ کی آوٹ سورسنگ تقررات میں اقلیتوں کیلئے 4 فیصد تحفظات کی عمل آوری کا ٹی ایس میسا کا مطالبہ

   

حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل : ( راست ) : تلنگانہ اسٹیٹ مایناریٹی ایمپلائز سرویس اسوسی ایشن نے تلنگانہ رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں سے ملاقات کرکے حکومت تلنگانہ سے اقلیتوں کیلئے 4 فیصد تحفظات جو کہ بی سی ۔ ای زمرہ کے اقلیتوں کیلئے آئینی اور قانونی تسلیم شدہ ہیں کو تمام آوٹ سورسنگ تقرریوں میں موثر طریقے سے عمل کی نمائندگی کی ۔ ٹی ایس میسا کے بانی و صدر فاروق احمد نے کہا کہ حکومت مختلف محکموں میں آوٹ سورس ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے نئی کارپوریشن کے قیام پر غور کررہی ہے ۔ یہ خوش آئند اور انقلابی قدم ہے جو ہزاروں آوٹ سورس ملازمین کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں مددگار ہوگا ۔ اس تناظر میں ہم اپیل کرتے ہیں کہ اس مجوزہ کارپوریشن کی بھرتی میں بی سی ۔ ای زمرہ کے تحت اقلیتوں کو 4 فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں ۔ یہ نہ صرف قانونی تقاضا ہے بلکہ سماجی انصاف اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے کی سمت میں اہم قدم ہوگا ۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری اس درخواست کو سنجیدگی سے لیاجائیگا اور متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی تاکہ اقلیتی طبقات کو ان میں مناسب نمائندگی حاصل ہو ۔ لیاقت حسین اسوسی ایٹ صدر ایم اے نعیم ، خواجہ نعیم الدین ایڈیشنل جنرل سکریٹری صدر ، اردو آفیسرز یونٹ اعجاز الدین احمد ، جنرل سکریٹری محمد یونس موجود تھے ۔۔