حکومت تلنگانہ کی جانب سے تمام اضلاع میں ٹورسٹ ہوٹلس کا قیام

   

حیدرآباد 25 جون (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے تمام ضلع ہیڈ کوارٹرس میں بجٹ ہوٹلس یا ٹورسٹ ہوٹلس قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ریاست میں سیاحت اور سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ پُرکشش مقامات کو ترقی دینے کے لئے تالابوں کے اطراف بھی کشتی رانی کی سہولتیں بھی متعارف کی جارہی ہیں۔ تلنگانہ اسٹیٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے ضلع کلکٹرس کو مکتوب لکھتے ہوئے مجوزہ بجٹ ہوٹلس کی تعمیر کے لئے اراضی تلاش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سیاحوں کو قابل متحمل ہوٹلوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے اِن ہوٹلوں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر بی منوہر نے بتایا کہ فی الحال 4 اضلاع میں ہوٹلوں اور تفریح گاہوں کو ترقی دی گئی ہے۔ آنے والے ترقیاتی پراجکٹس کے تحت آبی ذخائر کے اطراف کشتی رانی کی سہولتیں فراہم کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔