حکومت تلنگانہ کے جاری کردہ جی او (46) کی ہدایات پر عمل آوری

   

تاجروں کو سخت انداز میں ہدایت ‘ غیر ضروری سفر پر گاڑی ضبط کرنے ڈی ایس پی و دیگر کا انتباہ

بھینسہ ۔ 24؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ میں محکمہ پولیس کی جانب سے کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی و حفاظتی اقدامات کے لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ جی او (46) پر سخت عمل آوری کی جا رہی ہے ۔ آج لاک ڈاؤن کے دوران صبح 10-30 بجے تک عوام کو اشیائے ضروریہ کی خرید و فروخت کے لئے مکمل آزادی فراہم کی گئی ۔ بعدازاں ڈی ایس پی نرسنگ راؤ ‘ سرکل انسپکٹر وینوگوپال راؤ سب انسپکٹران ‘ بالاکرشنا ‘ وشنوپرکاش ‘ راہول‘ سمن ریڈی کے علاوہ اسسٹنٹ سب انسپکٹران محمد غوث ‘ تروپتی اور بھاری جمعیت پولیس جوانوں نے شیر کے مارکٹ علاقہ ‘ کپڑا مارکٹ ‘ گاندھی گنج علاقہ ‘ بس اسٹانڈ اور قومی شاہراہ (61) پر اشیائے ضروریہ کے علاوہ دیگر غیر ضروری دکانوں غیر ضروری موٹر سیکلوں پر گشت کرنے والے افراد کے خلاف سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے تقریباً 50 سے زائد موٹر سیکلوں کو ضبط کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن منتقل کیا اور مذکورہ تمام پولیس اعلی عہدیداروں نے شہر میں طلایہ گردی کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا ۔ قبل ازیں شہر کے قلب میں واقع اہم مارکٹ میں ڈی ایس پی نرسنگ راؤ نے سبزی فروش کرانہ اسٹور مالکین اور میوہ فروش تاجرین کو سخت انداز میں ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ حکومت کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے سخت احکامات کے لئے جنگ کر رہی ہے ‘ جس میں عوام کا تعاون بھی بے حد ضروری ہے اس لئے سبزی ‘ کرانہ اور میوہ تاجرین اپنے دکانوں کے سامنے خریداروں کے لئے ایک میٹر کے فاصلہ پر دائرہ بنانے اور حدبندی کے تحت خریداروں کو اشیائے ضروریہ فروخت کریں اور کسی بھی اشیائے ضروریہ کو ہاتھ نہ لگا دیں بلکہ دکاندار ہی اشیائے تھیلی میں باندھ کر دیں اور عوام کو دکانوں پر جمع نہ ہونے دیں کیونکہ بھینسہ میں تا حال ایک بھی کورونا وائرس متاثرہ نہیں ہے ۔ لیکن عوام کے ہجوم اور جی او (46) کی خلاف ورزی پر اشیائے ضروریہ کی دکانوں کو بھی بند۔۔ کرنے کا اندیشہ ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھینسہ میں آنے والے بین ملکی افراد پر خصوصی نظر رکھتے ہوئے ٹیمیں خدمات انجام دے رہی ہیں اس لئے عوام بھی سرکاری مشنری کا تعاون کریں یا اس موقع پر ٹاؤن سرکل انسپکٹر وینوگوپال راو نے کہاکہ بھینسہ میں گذشتہ روز اشیائے ضروریہ کے علاوہ دیگر دکانیں بحال کرنے پر (32) افراد کی پولیس اسٹیشن میں کونسلنگ کی گئی اور جملہ 8 مقدمات درج کئے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ موٹر سیکل پر ایمرجنسی حالات میں صرف ایک فرد جاسکتا ہے اور موٹر گاڑی میں صرف دو افراد سفر کرسکتے ہیں اگر کوئی فرد حکومت کے لا ک ڈاؤن کی خلا ورزی کرتے ہوئے غیرضروری افراد موٹر سیکلوں اور موٹر گاڑیوں پر گشت کرتے ہیں تب ان کی گاڑیوں کو ضبط کرلیا جائیگا ۔ اور سخت کارروائی کرتے ہوئے مقدمات درج کرنے کا انتباہ دیا ۔ اس ضمن میں تمام پولیس عہدیداران اور جوانوں کو لاک ڈاؤن کے دوران متحرک انداز میں خدمات انجام دینے کی ہدایت دی گئی ۔ بھینسہ منڈل کے موضع ہچگل سرپنچ پرکاش نے بتایاکہ کورونا وائرس کے خلافاحتیاطی و حفاظتی طور پر 31 مارچ تک کے لئے ہچگل کی داخلی شاہراہ کو لاک ڈاؤن کرتے ہوئے ناکہ بندی کر دی گئی ہے ۔ اس ضمن میں موقع کی عوام کو مطلع کرتے ہوئے یہ اقدام کیا گیا۔ اور موضع ہچگل میں کسی کو بھی داخل ہونے اور باہر جانے ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی ۔