کابینی سکریٹری کی ویڈیو کانفرنس میں چیف سکریٹری نے اقدامات سے واقف کروایا
حیدرآباد ۔ 10مارچ ( سیاست نیوز) مسٹر سومیش کمار چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ چوکس ہے اور ریاست میں کورونا وائرس کو روکنے کیلئے تمام تر اقدامات کررہی ہے ۔ حکومت ہند کے کابینی سکریٹری مسٹر راجیو گابا نے ملک کے تمام ریاستی حکومتوں کے چیف سکریٹریز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی ۔ مسٹر راجیو نے کہا کہ کورونا وائرس کے مزید کیسیس کو روکنے کیلئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے صحت سے متعلق تمام عہدیداروں اور ملازمین کو ایک دوسرے کے ساتھ بہتر تال میل سے کام کرنا چاہیئے ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں عوام بیداری پیدا کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرنے پر زور دیا ۔ ریاستی حکومتوں کو تمام انٹری پوائنٹس پر کافی احتیاط اور توجہ کے ساتھ چیکنگ کرنی چاہیئے اور کوئی شخص اسکریننگ کے بغیر نہ رہ جائے ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے مرکزی حکومت سے درخواست کی کہ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ حیدرآباد پر دو تھرمل اسکینرس فراہم کئے جائیں ، 50 تھرمو N95 ماسکس کے علاوہ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کی ٹسٹنگ کیلئے مزید دو لیباریٹریز فراہم کئے جائیں ۔