صرف سنگ بنیاد کی حد تک اکتفا ، متعدد پراجکٹس التوا کا شکار ، رپورٹس کی اجرائی میں کوتاہی
حیدرآباد۔5۔جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں حکومت 9 سالہ ترقیاتی کاموں کو پیش کرنے میں ناکام ہونے کے سبب محض ترقیاتی کاموں کے سنگ بنیاد رکھنے میں مصروف ہے۔ ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ انتخابات کے پیش نظر محض سنگ بنیاد تقاریب اور ترقیاتی کاموں کے آغاز پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں جبکہ گذشتہ 9 برسوںکے دوران ریاست میں کئے گئے ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں رپورٹس جاری کرنے میں کوتاہی سے کام لیا جا رہاہے اور ممکنہ حد تک ریاست کے مختلف اضلاع میں ترقیاتی کاموں کے سنگ بنیاد رکھنے میں مصروف ہیں۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کئے گئے اعلانات پر عمل آوری کے بجائے محکمہ جات نئے اعلانات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور ان اعلانات کے ساتھ ساتھ سنگ بنیاد تقاریب منعقد کرتے ہوئے ریاستی وزراء کو مدعو کیا جا رہاہے اور وزراء ان تقاریب میں شرکت کے دوران ریاست میں کی جانے والی سرمایہ کاری کے متعلق بڑے بڑے دعوے کر رہے ہیں جبکہ ریاست میں کی جانے والی سرمایہ کاری کے فوائد بالخصوص ملازمتو ںکے سلسلہ میں کوئی تفصیلات پیش کرنے سے قاصر ہیں۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اور اعلانات کے ذریعہ یہ دعویٰ کیا جاتا رہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں ترقی کی راہ پر گامزن سرفہرست ریاست ہے اور ملک بھر میں تلنگانہ میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری ہورہی ہے اور اب جبکہ ریاست میں انتخابات قریب ہیں تو سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں اور ان کمپنیوں کے ذمہ داروں کے ساتھ تصویر کشی کے علاوہ انہیں اراضیات کی حوالگی و سنگ بنیاد تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو یہ تاثر دیا جاسکے کہ ریاست میں ترقی کی رفتار تیز ہوچکی ہے جبکہ گذشتہ 9 برسوں کے دوران جو سنگ بنیاد رکھے گئے ہیں ان میں اب تک کئی پراجکٹس زیرالتواء ہیں۔ ریاست میں بیرونی کمپنیوں کو اراضیات کی تخصیص کے علاوہ انہیں انفراسٹرکچر کی فراہمی کے ساتھ اس بات کے دعوے کئے گئے تھے کہ ان کی سرمایہ کاری کے نتیجہ میں ریاست کے نوجوانوں کو ملازمتیں حاصل ہوں گی اور ان کمپنیوں کی جانب سے کام کاج کے آغاز پر ریاستی حکومت نے ریاستی معاشی ترقی کے بھی دعوے کئے تھے اور کئی کمپنیوں کی جانب سے برسوں قبل سنگ بنیاد رکھنے کے باوجود اپنے یونٹس کا آغاز نہیں کیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود متعلقہ محکمہ جات اس مسئلہ پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔م