نئی دہلی 4 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا مترا نے بی جے پی زیر قیادت حکومت پر اس میں یقین رکھتے ہوئے ووٹ دینے والے ووٹرس کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کوئی بھی ’ ہم بمقابلہ تم ‘ کا حصہ نہیں بننا چاہتا ۔ صدارتی خطبہ پر تحریک تشکر کے مباحث میں حصہ لیتے ہوئے مترا نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت کو جمہوریت کی حدوں سے آگے نہیں جانا چاہئے اور کوئی ماورائے دستور اتھاریٹی نہیں بننا چاہئے ۔ انہوں نے حکومت پر عوام کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ عوام سڑکوں پر آگئے ہیں اور سی اے اے کے خلاف ‘ این آر سی و این پی آر کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ اپوزیشن کے رکن کی حیثیت سے انہیں یہ ناقابل چیلنج حق ہے کہ وہ حکومت پر واضح کرسکیں کہ اس کے پاس کوئی تدبر نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو جمہوریت کی حدوں کے آگے نہیں جانا چاہئے ۔ آج وہ یہ واضح کرنا چاہتی ہیں کہ حکومت نے ملک کے ووٹرس کو دھوکہ دیا ہے جنہوں نے حکومت پر بھروسہ کرتے ہوئے اسے ووٹ دیا تھا ۔