حکومت دراندازوں کی محافظ : یوگی آدتیہ ناتھ

   

دھنباد: اتر پردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے دھنباد ضلع کے مختلف علاقوں نرسا، برمو، اور بوکارو میں عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے جھارکھنڈ کی حکمراں جماعت جے ایم ایم۔کانگریس۔ آر جے ڈی پر دراندازوں اور روہنگیا مسلمانوں کی حمایت کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا، یہ پارٹیاں روہنگیا مسلمانوں کو جھارکھنڈ میں داخل کرکے ریاست کی بیٹیوں، وسائل اور زمین کے لیے خطرہ پیدا کر رہی ہیں۔ صرف بی جے پی حکومت ہی اس دراندازی کو روک سکتی ہے۔ یوگی نے دعویٰ کیا کہ پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے بعد جھارکھنڈ کے عوام نے کانگریس۔ جے ایم ایم۔ آر جے ڈی اتحاد کو ہٹانے کا ارادہ کر لیا ہے اور بی جے پی مکمل اکثریت حاصل کرے گی۔ انہوں نے جھارکھنڈ کی تشکیل کے وقت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت کانگریس اور آر جے ڈی نے ریاست کی تشکیل کی مخالفت کی تھی، اور آج یہی پارٹیاں جے ایم ایم کے ساتھ مل کر ریاست کو گمراہ کر رہی ہیں۔ یوگی نے جھارکھنڈ کی ترقی کے حوالے سے کہا کہ جب اٹل بہاری واجپئی نے جھارکھنڈ بنایا، ان کا خواب تھا کہ یہ ترقی کرے، مگرگزشتہ 24-25سے یہ پیچھے ہے۔