حکومت دکھاوے اور غرور کے بجائے شفافیت پر مبنی پالیسی اپنائے :کانگریس

   

نئی دہلی، 27 جنوری (یو این آئی) کانگریس نے حکومت سے دکھاوے اور غرور کی جگہ شفافیت والی پالیسی پر چلنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی معاشی پالیسیاں عدم مساوات کو بڑھانے والی ہیں، جو ملک کو متوسط آمدنی کے ایسے جال میں دھکیل رہی ہیں جہاں جامع ترقی کی جگہ چند لوگوں کا یکطرفہ فائدہ غالب ہو رہا ہے ۔کانگریس ریسرچ ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پروفیسر راجیو گوڑا نے ملک کی معاشی صورتحال پر ’’بڑھتی عدم مساوات، سمٹتی عوامی بہبود ‘‘ کے نام سے ایک تفصیلی رپورٹ تیار کی ہے جس میں مرکزی حکومت کی اقتصادی پالیسی پر سنگین سوالات اُٹھائے گئے ہیں۔ اس میں حکومت سے گزارش کی گئی ہے کہ اسے شفاف معاشی پالیسی اپناتے ہوئے غیرجانبدارانہ تنقید کو سننا چاہیے اور ان میں جہاں اور جیسے بھی ناخوشگوار حقائق سامنے آتے ہیں، انہیں تسلیم کرنا چاہیے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2026 کیلئے 7.4 فیصد کی جی ڈی پی شرح نمو اور دوسری سہ ماہی میں 8.2 فیصد کی بلند شرح ترقی زمینی حقیقت سے مکمل طور پر میل نہیں کھاتی۔ گزشتہ ایک دہائی کی پالیسیوں نے ’کرونی‘ سرمایہ داری کو فروغ دیا ہے جس سے معیشت ’کے ۔شکل اختیار کر گئی ہے ۔ اس میں ایک چھوٹا امیر طبقہ زیادہ فائدہ اٹھا رہا ہے جبکہ آبادی کا بڑا حصہ بیروزگاری، غربت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے اور جدوجہد کررہا ہے ۔ سات فیصد سے زیادہ جی ڈی پی شرح نمو کے باوجود لاکھوں نئی ملازمتیں پیدا نہیں ہوئیں اور جو روزگار پیدا ہوئے ہیں وہ زیادہ تر ’گگ اکانومی‘ اور غیر منظم شعبے میں ہیں، جہاں مزدوروں کو کم از کم تحفظ اور تنخواہ بھی نہیں مل رہی۔پارٹی نے کہا ہے کہ کووڈ کے بعد شہروں سے لوٹنے والے مزدور تعمیراتی شعبے میں ملازمتیں نہ ملنے پر نیم روزگاری میں پھنس گئے ہیں۔