احمدآباد : وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ ان کی حکومت نے ملک میں زرعی شعبہ کو مضبوط کرنے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں، تاکہ کسانوں کو کوئی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان کا یہ بیان نئے زرعی قوانین پر کسانوں کے گروپوں اور سیاسی پارٹیوں کی طرف سے مخالفت اور احتجاج کے پس منظر میں آیا ہے۔ مودی گجرات میں تین پراجیکٹوں کا افتتاح کرنے کے بعد مخاطب تھے۔ انہوں نے نئی دہلی سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اگریکلچر ، ہیلتھ کیر اور ٹورازم ، ڈیولپمنٹ سے متعلق ایک ایک پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے ریاستی حکومت کی کسان سریو دئے یوجنا کا بھی آغاز کیا جس کا مقصد ریاست میں آبپاشی اور کاشت کاری کے سلسلے میں کسانوں کو دن بھر برقی کی فراہمی ہے۔ وزیراعظم نے بعض دیگر کاموں کا بھی آغاز کیا۔
