نئی دہلی/ ممبئی ۔ 21 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں غیر بی جے پی حکومت کے خد و خال جمعرات کو ابھر آئے جس میں کانگریس اور این سی پی نے حکومت سازی کے بارے میں مکمل اتفاق رائے پیدا کرلیا اور اعلان کیا کہ وہ شیوسینا کے ساتھ بات چیت منعقد کرتے ہوئے اس اتحاد کی ترکیب کو قطعیت دیں گے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ شیوسینا کے ساتھ تشکیل حکومت سے مزید قریب ہوتے ہوئے کانگریس اور این سی پی ماقبل چناؤ حلیفوں پیژنٹس ورکرس پارٹی ، سماج وادی پارٹی ، سوابھیمانی پکش اور سی پی آئی (ایم) کے ساتھ جمعہ کو بات چیت کریں گے اور اس کے بعد سینا سے قطعی مذاکرات متوقع ہے۔ (ابتدائی خبر اندر) اس ہفتہ کا زیادہ تر حصہ قومی دارالحکومت این سی پی اور کانگریس کے سرکردہ قائدین کے درمیان طویل میٹنگس کا مرکز رہا تاکہ شیوسینا کے ساتھ اتحاد قائم کرنے کے امکان کو کھوجا جاسکے، جو ایسی پارٹی ہے جس کا نظریہ یہ دونوں پارٹیوں سے بالکلیہ مختلف ہے۔ سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا پرتھوی راج چوہان نے میڈیا والوں کو بتایا کہ این سی پی اور کانگریس تمام مسائل پر بات چیت مکمل کرچکے ہیں۔ تمام معاملوں میں دونوں پارٹیوں کے درمیان بالکلیہ یکسانیت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کو فیصلہ کیا جائے گا کہ اس اتحاد کی ترکیب کیا ہوگی۔ قطعی فیصلہ کا اعلان ممبئی میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مشترک اقل ترین پروگرام کے اعلان سے نئی حکومت کی تفصیلات واضح ہوجائیں گی۔ چہارشنبہ کو شیوسینا ایم پی سنجے راوت نے این سی پی سربراہ شردپوار کے ساتھ میٹنگ کے بعد کہا تھا کہ شیوسینا سے وابستہ چیف منسٹر ڈسمبر کے پہلے ہفتہ سے قبل حلف لے گا۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ ان کی پارٹی ، این سی پی اور کانگریس کے درمیان حکومت مہاراشٹرا کی تشکیل پر معاملت عملاً طئے ہوچکی ہے اور مزید کہا کہ وہ اسے مٹھائی کا آرڈر دینے کا موقع سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر سینا اودھو ٹھاکرے بہت جلد مٹھائی خبر کا اعلان کریں گے۔ اس درمیان شیوسینا لیڈر عبدالستار نے کہا کہ پارٹی نے 22 نومبر کو ایک میٹنگ طلب کی ہے جو لگتا ہے کہ قطعی اجلاس ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام ایم ایل ایز سے اپنے شناختی کارڈس اور پانچ روز کے لئے ملبوسات ساتھ لانے کے لئے کہا گیا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہم کسی مقام پر دو تین روز کیلئے قیام کرنے والے ہیں۔ اودھو ٹھاکرے کا چیف منسٹر مہاراشٹرا بننا یقینی ہے ۔