پی آر سی اور ریٹائرمنٹ کی حد عمر کا بہت جلد فیصلہ ہوگا۔ ریاستی وزیر سرینواس گوڑ
حیدرآباد : ریاستی وزیراکسائز و سیاحت سرینواس گوڑ نے کہا کہ بہت جلد سرکاری ملازمین کیلئے پی آر سی کا اعلان ہونے کے ساتھ ریٹائرمنٹ کی حدعمر کی توسیع کے معاملے میں بہت جلد فیصلہ ہوجائے گا۔ وزیر نے تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کے نئے سال کے کیلینڈر کا رسم اجراء کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت سرکاری ملازمین کے مسائل حل کرنے کے معاملے میں عہد کی پابند ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے پرگتی بھون میں سرکاری ملازمین تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے تفصیلی بات چیت کی ہے اور ان کے مسائل کو سنا ہے۔ انہیں امید ہے۔ جنوری میں ہی پی آر سی کا اعلان ہوجائے گا اور وظیفہ حسن پر سبکدوش ہونے کی عمر میں توسیع ہوجائے گی۔ چیف منسٹر کے سی آر نے چیف سکریٹری کی قیادت میں ایک سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ پی آر سی رپورٹ وصول ہوتے ہی اس کمیٹی نے اپنا کام شروع کردیا ہے۔ پی آر سی کمیشن کی سفارشات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ امکان ہیکہ جنوری کے پہلے ہفتہ میں سہ رکنی کمیٹی سرکاری ملازمین کے تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کرے گی۔ ان کی رائے اور تجاویز حاصل کرے گی۔ دوسرے یا تیسرے ہفتہ میں یہ کمیٹی اپنی رپورٹ چیف منسٹر کو پیش کردے گی۔ تلنگانہ حکومت سرکاری ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کیلئے جہاں سنجیدہ کوشش کررہی ہے، وہیں بڑے پیمانے پر ملازمتوں کے تقررات کی بھی تیاریاں کررہی ہیں۔ ریاست کے مختلف سرکاری محکمہ جات اپنے اپنے محکمہ میں موجود مخلوعہ جائیدادوں کی فہرست تیار کرتے ہوئے چیف سکریٹری کو پیش کررہی ہے۔ ریاست میں تقررات کے عمل کا بہت جلد آغاز ہوگا۔
