حکومت سرینگر شہرکی جامع ترقی کیلئے پُرعزم : عمرعبداللہ

   

سری نگر: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ سرینگر میں عوامی شکایات کو دور کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔یہ بات انہوں نے سرینگر میں اپنی گپکا رہائش گاہ پر سرینگر کے پارٹی اراکین اسمبلی کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران کہی۔میٹنگ کے دوران اراکین اسمبلی نے سرینگر سے متعلق اہم مسائل پر روشنی ڈالی جن میں پانی کی کمی، بجلی کا بحران اور رہائشیوں کو درپیش دیگر چیلنجز شامل ہیں۔میٹنگ میں ایم ایل اے خانیار علی محمد ساگر، ایم ایل اے حبہ کدل شمیمہ فردوس، ایم ایل اے زیڈی بل تنویر صادق، ایم ایل اے حضرت بل سلمان علی ساگر، ایم ایل اے چھانہ پورہ مشتاق گورو اور ایم ایل اے لالچوک احسان پردیسی نے شرکت کی۔اراکین اسمبلی کو یقین دلاتے ہوئے کہ سرینگر کو اولین ترجیح دی جائے گی، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے بجلی اور پانی کی قلت کے حوالے سے عوامی شکایات کا اعتراف کیا اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت ان مسائل کو حل کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے ۔اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بجلی کی کٹوتی کے لئے جاری کردہ شیڈول پر عمل کریں اور عوامی تکالیف کو کم کرنے کے لئے وسائل کے استعمال کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرینگر میں پانی کی قلت سے نمٹنے کے لئے پانی کی مستقل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے حکام کو ہدایات دی گئی ہیں۔طویل خشک موسم اور سرد موسم کی وجہ سے درپیش چیلنجوں کے باوجود وزیر اعلیٰ نے ایم ایل ایز کو یقین دلایا کہ لوگوں کی مشکلات کو دور کرنے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔