حکومت سوڈان ۔ جمہوریت نواز مظاہرین کے مذاکرات ناکام

   

خرطوم ۔ 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) افریقی ملک سوڈان کی فوجی حکومت اور جمہوریت نواز مظاہرین کے نمائندوں کے مابین مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔ فریقین اس مرتبہ بھی کسی سمجھوتے کو حتمی شکل دینے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ مذاکرات کی ناکامی کی بنیادی وجہ یہ بنی کہ حکومت کس کی نگرانی میں قائم ہونا چاہئے۔ فوج اٹل ہیکہ نئی حکومت کی قیادت کوئی فوجی کرے جبکہ مظاہرین کے نمائندے کسی سیول رہنما کو حکومتی سربراہ بنانا چاہتے ہیں۔ مذاکرات کا یہ دورہ 20 مئی کی شام خرطوم کے صدارتی محل میں شروع ہوا تھا۔ مظاہرین کی نمائندگی اتحاد برائے تبدیلی اور آزادی کررہا ہے۔ اس اتحاد کے سربراہ کے مطابق ملکی فوجی کونسل بااختیار سیول ملٹری کونسل کی سربراہی کی خواہشمند ہے۔