حکومت سے باریک چاول کی سربراہی اسکیم ، دکاندار پریشان حال

   

حیدرآباد ۔ 11 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں ریاست تلنگانہ میں راشن شاپس پر ’باریک چاول ‘ اسکیم متعارف کی گئی ۔ اس اسکیم کے تحت راشن کی دکانوں پر سفید راشن کارڈ رکھنے والے افراد کو مفت میں باریک چاول فراہم کئے جارہے ہیں ۔ اس اسکیم کے آغاز کے ساتھ ہی ہول سیل اور ریٹیل مارکٹ میں معیاری چاول کی قیمت میں کمی دیکھی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر نے اگادی کے موقع پر اسکیم کو شروع کیا تھا ۔ راشن کارڈ میں درج ہر ایک فرد کے نام پر ماہانہ 6 کیلو چاول مفت دئیے جارہے ہیں ۔ اسکیم کے عمل ہونے کے 10 دن میں ہی مارکٹ میں چاول کی قیمت میں تقریبا 500 روپیوں کی کمی آئی ہے ۔ تاجروں کا ماننا ہے کہ اگر یہ اسکیم مسلسل چلتی رہی تو چاول کی قیمت میں فی کیلو 5 روپئے تک مزید کمی ہوسکتی ہے ۔ ایک تاجر کا ماننا ہے کہ صارفین کو راشن کی دکان پر مفت میں باریک چاول ملنے کے بعد وہ دکانات سے چاول کی خریداری کو بند کردے گا ۔ کئی مقامات پر چاول کی دکانات پر جہاں عوام کنٹل کے لحاظ سے چاول خریدتے تھے اب یہ لوگ اس چاول کی خریداری کو بند کردیں گے ۔ اگر ایک خاندان میں پانچ افراد ہے تو انہیں ماہانہ 30 کیلو چاول مفت ملیں گے جو ان کے لیے پورے مہینہ میں کافی ہوجاتے ہیں ۔ حکومت کی اس اسکیم سے غریب خاندانوں کو کافی فائدہ ہوا ہے ۔ مئی کے مہینہ میں مارکٹ میں نیا چاول آجائے گا اور توقع کی جارہی ہے کہ اس کے بعد چاول کی قیمتوں میں مزید کمی آئے گی ۔ ریاست تلنگانہ میں تقریبا 90 لاکھ راشن کارڈس ہیں ۔ جس میں 2.85 کروڑ افراد کے نام شامل ہیں ۔ حکومت کی جانب سے تصدیق کرنے کے بعد مزید 30 لاکھ نئے راشن کارڈس جاری کرنے کی امید کی جارہی ہیں ۔ جس کے بعد راشن کارڈ میں درج ناموں کا اضافہ ہوتے ہوئے جملہ 3.1 کروڑ افراد ہوجائیں گے ۔ جو کہ ریاست کی آبادی کے 80 فیصد افراد باریک چاول سے استفادہ حاصل کریں گے ۔ اس سے قبل راشن کارڈ پر موٹے چاول دئیے جاتے تھے تقریبا لوگ اسے 15 روپئے کیلو کے حساب سے فروخت کردیا کرتے تھے ۔ باریک چاول راشن کی دکان پر ملنے کے بعد دکانات سے خریداری کم ہوگئی ہے جس کی وجہ سے قیمتوں میں بھی کمی آئی ہے ۔۔ ش