حیدرآباد ۔ 20 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : خانگی اسکولس کی جانب سے ہر سال فیس میں بے تحاشہ اضافہ پر اولیائے طلباء کی تشویش پر ریاستی حکومت اب جلد ہی اسکول فیس ریگولیٹری کمیٹی قائم کرے گی ۔ جس کا مقصد اسکول فیس کو باقاعدہ بنانے کے لیے ایک بہتر انداز اپنانا ہے اور ہر ایک کیلئے معیاری تعلیم کو یقینی بنانا ہے ۔ حکومت خانگی اسکولس کی فیس کو باقاعدہ بنانے کے سلسلہ میں قانون سازی کرنے پر توجہ دے رہی ہے ۔ تاہم اس قانون کا نفاذ آئندہ تعلیمی سال سے ہوسکتا ہے کیوں کہ اس تعلیمی سال کے لیے داخلے ختم ہوگئے ہیں اور اسکولس میں 12 جون سے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوگا ۔ محکمہ تعلیم کے پرنسپل سکریٹری بی وینکٹیشم نے کہا کہ ہم خانگی اسکولس میں فیس کو باقاعدہ بنانے کیلئے ایک قانون بنائیں گے ۔ اس نئے قواعد پر ہوسکتا ہے کہ اس سال عمل درآمد نہیں ہوگا لیکن آئندہ تعلیمی سال 2025-26 سے اس کا نفاذ ہوگا ۔۔