نظام آباد میں عمل کا آغاز ، حیدرآباد میں 52 زونس کی نشاندہی
حیدرآباد۔ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت کی جانب سے تمام اضلاع میں مائیکرو کنٹینمنٹ زون کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے اور شہر حیدرآباد سے زیادہ مائیکرو کنٹینمنٹ زون ضلع نظام آباد میں تشکیل دیئے جاچکے ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں جملہ 52 کنٹینمنٹ زون کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ ضلع نظام آباد میں جملہ 58کنٹینمنٹ زون کی نشاندہی کی گئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کئے گئے بلیٹن میں ریاست بھر میں6ہزار 542 مریضوں کی گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نشاندہی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ شہرحیدرآباد میں 898 مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے ضلع نظام آباد میں 427 مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے لیکن اس کے باوجود 58کنٹینمنٹ زون بنائے گئے ہیں جبکہ حیدرآباد میں دوگنی سے زیادہ تعداد میں مریض موجود ہیں لیکن صرف 52 کنٹینمنٹ زون بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت محکمہ صحت کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات کے مطابق شہر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع میں جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے ان علاقو ںمیں کنٹینمنٹ زون کی تشکیل عمل میں لائی جا رہی ہے اور آئی سی ایم آر کی جانب سے جاری کی جانے والی گائیڈ لائنس کے مطابق یہ کنٹینمنٹ زون بنائے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ تلنگانہ ہائی کورٹ نے دو یوم قبل کورونا وائرس کے سلسلہ میں جاری مقدمہ کی سماعت کے دوران ریاستی حکومت سے استفسار کیا تھا کہ آیا ریاست میں کتنے کنٹینمینٹ زون تشکیل دیئے گئے ہیں اور جن مریضوںکی نشاندہی کی جا رہی ہے ان سے رابطہ میں آنے والوں کے کتنے افراد کے معائنوں کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے گئے ہیں؟ حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی جواب داخل نہیں کیاگیا تھا تاہم اب دوبارہ ریاست بھر میں کنٹینمنٹ زون کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ ریاستی حکومت نے تمام ضلعی کلکٹرس اور بلدیات کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ وارڈ واری اساس پر عہدیداروں کے تقرر کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے نام روانہ کریں ۔محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں جملہ 363 کنٹینمنٹ زون بنائے گئے ہیں جن میں سب سے زیادہ ضلع نظام آباد میں ہیں جہاں 58 کنٹینمنٹ زون بنائے گئے ہیں اسی طرح حیدرآباد میں جملہ 52 کنٹینمنٹ زون تشکیل دیئے گئے ہیں میڑچل ‘کھمم اور کمرم بھیم میں 18کنٹینمنٹ زون بنائے گئے ہیں جبکہ ضلع رنگاریڈی میں 21 اور ضلع وقارآباد میں 19کنٹینمنٹ زون بنائے جاچکے ہیں۔نرمل میں 23 اور یدادری میں 10 کنٹینمنٹ زون بنائے گئے ہیں جبکہ ریاست کے دیگر اضلاع میں 10 سے کم کنٹینمنٹ زون بنائے گئے ہیں۔حکومت تلنگانہ کے محکمہ صحت کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں صورتحال کو بہتر بنانے اور کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد پر قابو پانے کیلئے حکومت کی جانب سے آئی سی ایم آرٹی کی جانب سے جاری کئے جانے والے تمام رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کو یقینی بنایا جا رہاہے اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ کنٹینمنٹ زون کی تشکیل کے ساتھ مریضوں کو ان کے گھر پر علاج کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔