حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : حکومت کی جانب سے آئندہ تعلیمی سال سے گورنمنٹ اسکولس ، مجالس مقامی اسکولس ، ماڈل اسکولس ، TREIS ، اربن ریزیڈنشیل اسکولس اور کے جی بی ویز میں زیر تعلیم VI تا XII کلاس طلبہ کو چھ تا 14 نوٹ بکس مفت فراہم کی جائیں گی ۔ ریاستی حکومت نے تعلیمی سال 2023-24 کیلئے 56.24 کروڑ روپئے تخمینہ خرچ پر 1,17,88,699 نوٹ بکس ، کی خریدی کا عمل شروع کیا ہے ۔ حکومت نے VI اور VII کلاس میں زیر تعلیم ہر طالب علم / طالبہ کو 200 صفحات کے چھ نوٹ بکس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ VIII کلاس طلبہ کو سات نوٹ بکس ، IX اور X کے طلبہ کو 14 نوٹ بکس اور اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ سے چلائے جانے والے ریسیڈنشیل اسکولس میں انٹر میڈیٹ ریگولر اور ووکیشنل کورسیس کے طلبہ کو بالترتیب 12 اور 10 نوٹ بکس حاصل ہوں گے ۔ حکومت کے اس اقدام سے 12,39,415 طلبہ مستفید ہوں گے ۔۔