حکومت سے مایوس تاحال کئی آر ٹی سی ملازمین کی اموات

   

ہنمکنڈہ میں بس کنڈکٹر اور ضلع جگتیال ملیال میں ڈرائیور قلب پر حملہ سے فوت
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ملازمین کی جاری غیر معینہ مدت کی بس ہڑتال کے 28 یوم گزر جانے کے باوجود ہڑتال کی یکسوئی سے ریاستی حکومت کی عدم دلچسپی اور اختیار کردہ ہٹ دھرمانہ رویہ سے دل برداشتہ ہو کر اب تک ہی کئی ملازمین کی خود کشی کرلینے کی وجہ سے اموات واقع ہوئی ہیں اور ریاستی حکومت کے موجودہ طرز عمل سے ایک اور ہڑتالی ٹی ایس آر ٹی سی بس کنڈکٹر پر گذشتہ دن قلب پر شدید حملہ ہونے کی وجہ سے دواخانہ میں شریک کروایا گیا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ہنمکنڈہ بس ڈپو سے وابستہ بس کنڈکٹر رویندر ٹی وی دیکھنے کے دوران شدید قلب پر حملہ ہونے کی وجہ سے گر پڑا تھا ۔ جس کو ہاسپٹل منتقل کرنے پر ڈاکٹروں نے رویندر کی صورتحال تشویشناک ہونے کا اظہار کیا تھا ۔ جو بالآخر آج رویندر کی موت واقع ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر رویندر ورنگل رورل ڈسٹرکٹ آتمار کا ساکن تھا ۔ بس کنڈکٹر رویندر کی موت واقع ہونے کی اطلاع پر ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین میں سخت احتجاج پایا جارہا ہے اور اپنی غیر معینہ بس ہڑتال میں بڑے پیمانے پر شدت پیدا کرنے کے لائحہ عمل کو قطعیت دینے کے اقدامات کررہے ہیں ۔ علاوہ ازیں ایک اور واقعہ میں جگتیال ڈسٹرکٹ کے ملیال میں بھی ہڑتالی آر ٹی سی ڈرائیور سرینواس کے قلب پر شدید حملہ کے باعث برسر موقع موت واقع ہونے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں ۔ آر ٹی سی جے اے سی کی جانب سے ملیال میں منظم کردہ دھرنا پروگرام میں حصہ لینے کے دوران ہی قلب پر حملہ کی وجہ سے سرینواس نیچے گر پڑا جسے فوری جگتیال ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔۔