حکومت عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے مقدمات کاسہارا لے رہی ہے

   

کے سی آر کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت ‘ نظام آباد میں بی آرایس کا احتجاج ‘ پرشانت ریڈی کا خطاب

نظام آباد، یکم فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سِٹ جانچ کے نام پر تلنگانہ کے سابق وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کو نوٹس جاری کرنے اور ان کی رہائش گاہ کی دیواروں پر نوٹس چسپاں کیے جانے کے خلاف نظام آباد میں بی آر ایس کارکنوں نے شدید احتجاج کیا۔ نظام آباد اربن حلقہ میں سابق رکن اسمبلی گنیش گپتا کی قیادت میں بی آر ایس کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاجی ریالی اور بائیک ریالی نکالی گئی، جس میں سابق وزیر اور بالکنڈا کے رکن اسمبلی پرشانت ریڈی نے شرکت کرتے ہوئے کانگریس حکومت اور وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی پر سخت تنقید کی۔ ویمولا پرشانت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کو حاصل کرنے اور ریاست کو ملک کی صفِ اول کی ریاست بنانے والے کے چندر شیکھر راؤ کو سِٹ جانچ کے نام پر ہراساں کرنا قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اور عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے فرضی مقدمات اور جانچوں کا سہارا لے رہے ہیں۔بی آر ایس پارٹی ضلع دفتر سے شروع ہونے والی ریالی ایلمّا گٹہ چوراستہ، نکھل سائی چوراستہ، پولنگ کے راستے، راج راجندر چوراستہ، گاندھی چوک اور پرانا کلکٹریٹ سے گزرتے ہوئے بی آر ایس دفتر پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں مظاہرین نے سیاہ جھنڈے اور پارٹی پرچم لہرائے۔ ایلمّا گٹہ چوراستہ پر وزیر اعلیٰ کا پتلا نذرِ آتش کرنے کی کوشش کے دوران پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے پتلا ضبط کر لیا، جس کے بعد دھکم پیل کے دوران کئی بی آر ایس قائدین اور کارکنوں کو گرفتار کر کے چوتھا ٹاؤن پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں گنیش بگالا اور ویمولا پرشانت ریڈی نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر گرفتار کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس قیادت اور کارکن کسی بھی دباؤ یا کارروائی سے مرعوب نہیں ہوں گے اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔اس موقع پر ضلع اقلیتی سل کے صدر نوید اقبال، رفیق قریشی سینئر بی آر ایس قائد اور دیگر بھی موجود تھے۔