کے سی آر کو اسمبلی اجلاس میں شرکت کا مشورہ
حیدرآباد ۔10 ۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے بی آر ایس کے تمام ارکان اسمبلی بشمول قائد اپوزیشن کے سی آر سے اپیل کی ہے کہ 16 مارچ سے شروع ہونے والے بجٹ سیشن میں شریک ہوں تاکہ عوامی مسائل پر مباحث ہوسکیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی جانب سے پیش کردہ کسی بھی مسئلہ پر مباحث کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ اجلاس کے دوران بھی حکومت نے کئی اہم مسائل پر مباحث کا اہتمام کیا لیکن بی آر ایس نے بائیکاٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام نے کے سی آر کو قائد اپوزیشن کا رول ادا کرنے کی ذمہ داری دی ہے لیکن وہ گزشتہ دو برسوں سے اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے ہیں۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ اگر بی آر ایس ارکان اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں اور عوامی مسائل پیش کریں تو حکومت موثر طور پر جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن کی جانب سے عوامی مسائل کو نظر انداز کرتے ہوئے شخصی ایجنڈہ کو ترجیح دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھمم ضلع کے متاثرہ غریب خاندانوں کو حکومت کی جانب سے مکمل بازآبادکاری کی جائے گی۔ بھودان اراضی کے تحفظ کیلئے حال ہی میں غیر مجاز مکانات کو منہدم کیا گیا۔ ریاستی وزیرنے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی بازآبادکاری کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے متاثرین کو اندراماں ہاؤزنگ کے تحت مکنات کی منظوری کی ہدایت دی ہے ۔ بہت جلد الاٹمنٹ کا آغاز ہوگا۔ سرینواس ریڈی نے وضاحت کی کہ کانگریس حکومت ہمیشہ غریبوں کے ساتھ ہے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ حکومت کو تعمیری تجاویز پیش کرنے کے بجائے بی آر ایس اور بی جے پی حکومت کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ کر رہے ہیں۔1