حکومت عوام کو اشیائے ضروریہ بغیر نفع و نقصان کے فراہم کرے

   

قیمتوں پر فوری کنٹرول کرنے پر زور ، ٹیکس میں رعایت کی جائے : شیخ عبداللہ سہیل

حیدرآباد 12 اپریل (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ اشیائے ضروریہ بغیر نفع نقصان کے عوام کو فراہم کرنے کے اقدامات کرے۔ لاک ڈاؤن میں توسیع کے بعد بلیک مارکٹنگ کو روکنے کے لئے کابینی سب کمیٹی تشکیل دینے ویاٹ اور دوسرے ٹیکس سے دستبرداری اختیار کرنے کا مطالبہ کیا۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہاکہ ریاست میں 22 مارچ سے لاک ڈاؤن جاری ہے جس کو جاریہ ماہ کے اواخر 30 اپریل تک توسیع دے دی گئی ہے لیکن اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کو روکنا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ لاک ڈاؤن سے کام کاج ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے۔ غریب عوام کے ساتھ متوسط طبقہ کافی پریشان ہے ایسے طبقات کے بارے میں ہمدردانہ غور کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ چاول، گیہوں، شکر، تیل، ترکاریوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا اور انھیں عوام تک پہنچانا لازمی ہوگیا ہے اس لئے حکومت بغیر کسی تاخیر کے فوری کابینی سب کمیٹی تشکیل دے اور کابینی سب کمیٹی کو ہدایت دے کہ ہول سیلرس اور رٹیل سیلرس کا اجلاس طلب کرے۔ حکومت کی جانب سے قیمتیں مختص کرتے ہوئے بغیر نفع نقصان کے اشیائے ضروریہ کی فروخت کو یقینی بنائیں۔ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے خصوصی احکامات جاری کریں۔ بلیک مارکٹنگ کو روکنے اور اس پر نظر رکھنے کے لئے خصوصی میکانزم تیار کرے۔ عوام کو سستے داموں میں سربراہ کرنے کے اقدامات کرے۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہاکہ لاک ڈاؤن کے باعث غریب و متوسط طبقہ کافی پریشان ہے انھیں اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کے اقدامات کریں۔ ساتھ ہی جو گاڑیاں اشیائے ضروریہ سربراہ کررہی ہیں ان سے فیول کے علاوہ دوسرے کوئی بھی ٹیکس وصول نہ کرے۔ اگر حمل و نقل کی سہولتوں کو سستا کردیا جاتا ہے تو اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی خود بخود کم ہوجائیں گی۔ چاول، گیہوں، تیل وغیرہ پر ویاٹ کو استثنیٰ دینے کا بھی حکومت سے مطالبہ کیا۔ شیخ عبداللہ سہیل نے لاک ڈاؤن کے دوران غریب عوام کو راشن شاپس سے فی کس 12 کیلو چاول اور فی خاندان 1500 روپئے دینے میں بھی ناکام ہوجانے کا الزام عائد کیا اور کہاکہ کئی راشن شاپس پر چاول کا اسٹاک ختم ہوچکا ہے۔ کانگریس کے قائد نے کہاکہ لاک ڈاؤن کے دوران کئی رضاکارانہ تنظیمیں اور انفرادی شخصیتوں کی جانب سے غریب عوام میں راشن کٹس تقسیم کی جارہی ہیں جس سے بڑی راحت مل رہی ہے۔