حکومت فوجیوں کو پنشن نہ دینے کی پالیسی اپنارہی ہے : راہول

   

نئی دہلی : کانگریس کے سابق صدرراہل گاندھی نے کہا ہے کہ حکومت کا رویہ فوجیوں کے مفادات پر حملہ کرنے والا ہے اور ون رینک ون پنشن (او آر او پی) سے انکار کے بعد اب انہیں پنشن نہ دینے کی پالیسی پرکام کیا جا رہا ہے ۔کانگریس لیڈر نے کئی سابق فوجیوں کو اپریل کی پنشن نہیں ملنے سے متعلق شائع ایک خبر کو بدھ کے روز اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر پوسٹ کرتے ہوئے کہ حکومت کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ اس کا رویہ فوج مخالف ہے اور وہ فوجیوں کے مفادات کو کچلنے کی بار بار کوشش کر رہی ہے ۔ مسٹر گاندھی نے ایک ٹویٹ میں کہا‘‘ ون رینک ون پنشن’ کے دھوکے کے بعد مودی حکومت اب ‘آل رینک نو پنشن’ کی پالیسی اپنا رہی ہے ۔ فوجیوں کی توہین ملک کی توہین ہے ۔ سابق فوجیوں کو جلد از جلد پنشن دینی چاہئے ’’۔ کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ مودی حکومت کا مسلح افواج پر منصوبہ بند حملے کافی عرصے سے جاری ہیں ۔ مسلح افواج کے مفادات پر یہ نہ پہلا حملہ ہے اور نہ ہی آخری ۔ حکومت نے سپریم کورٹ میں بھی ‘ون رینک ون پنشن-او آر او پی’ کی بھی مخالفت کی ہے ۔ معذوری پنشن پر ٹیکس لگانے کے ساتھ ہی حکومت نے ای سی ایچ ایس کے بجٹ میں بھی کٹوتی کی ہے ۔