حکومت فوری بیروزگاری بھتہ جاری کرے

   

ان کیلئے حضور آباد میں کھودی جانے والی قبر میں ٹی آر ایس قیادت دفن ہوگی : ایٹالہ راجندر
حیدرآباد :۔ سابق ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر نے بیروزگاری بھتہ فوری جاری کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا اور کہا کہ حضور آباد میں ٹی آر ایس قیادت کی جانب سے ان کے لیے کھودی جانے والی قبر میں وہ خود گر کر دفن ہوجائے گی ۔ ایٹالہ راجندر دوسرے دن اپنے حلقہ اسمبلی کا دورہ کیا اور اپنے حامیوں سے ملاقات کی ۔ بعد ازاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایٹالہ راجندر نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے ان کے حلقہ اسمبلی حضور آباد کا کبھی دورہ نہیں کیا اور نہ ہی حلقہ کی ترقی کے لیے کوئی فنڈز جاری کئے ۔ وہ حلقہ کے عوام کے آشیرواد سے کامیاب ہوتے آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی انتخابات اور ضمنی انتخابات ہوتے ہیں چیف منسٹر کو وعدے کرنے کی عادت ہے ۔ انہوں نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ ضمنی انتخابات یقینی ہے جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے چیف منسٹر نے کل کابینہ کے اجلاس میں راشن کارڈز کے زیر التواء درخواستوں کی یکسوئی کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ وہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں فوری حضور آباد کو ایک نیا ضلع بنائے ۔ حلقہ اسمبلی کے زیر التواء ترقیاتی و تعمیری کاموں کی تکمیل کریں ۔ گرام پنچایتوں کے فنڈز کو جاری کریں ۔ ان کے حلقہ میں زیر التواء راشن کارڈس کے درخواستوں کی یکسوئی کریں ۔ حکومت کی جانب سے 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا اعلان کیا ہے ۔ اس کے لیے فوری نوٹیفیکشن جاری کریں ۔ انتخابی منشور میں بیروزگار نوجوانوں کو بیروزگاری بھتہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا جس پر فوری عمل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پرگتی بھون کے غلاموں کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ اور ان کے حامیوں کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے ۔ انہیں جیتے جی سیاسی طور پر دفن کرنے کے لیے حضور آباد میں جو قبر کھودی جارہی ہے اس میں ٹی آر ایس کی قیادت دفن ہوگی ۔ انہوں نے آج تک کوئی نئی سیاسی پارٹی تشکیل نہیں دی اور نہ ہی کسی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ وہ اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے ۔۔