حکومت مرنے والے کسانوں کے اہل خانہ کو معاوضہ دے:راہل گاندھی نے حکومت سے کیا مطالبہ

   

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مرکزی حکومت پر بڑا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت مہلوک کسانوں کے اہل خانہ کو معاوضہ نہیں دینا چاہتی۔ انہوں نے مرنے والے کسانوں کی فہرست بھی دکھائی جن کا تعلق پنجاب سے ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ہم نے ان میں سے زیادہ تر خاندانوں کو پانچ پانچ لاکھ روپے کا معاوضہ دیا ہے۔ ان کے اہل خانہ کو بھی نوکریاں دی جارہی ہیں۔ لیکن حکومت قبول نہیں کرنا چاہتی۔ اسی طرح راہل گاندھی نے کہا کہ حکومت نے کورونا سے مرنے والوں کی تعداد کے بارے میں بھی یہی کہا تھا۔ تب بھی حکومت نے کہا تھا کہ ان کے پاس کورونا سے ہلاک ہونے والے اعداد و شمار نہیں ہیں کسانوں کی تحریک کو لے کر راہل گاندھی نے کہا کہ اگر حکومت چاہتی ہے تو پنجاب میں مارے گئے کسانوں کے خاندانوں کا ریکارڈ لے کر انہیں معاوضہ دے۔ راہل نے کہا کہ جب حکومت اپنے کچھ صنعتکار دوستوں کو فائدہ پہنچانا چاہتی ہے تو اسے کسی بنیاد کی ضرورت نہیں ہے۔