حکومت منی پور میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے کام کر رہی ہے

   

امپھال میں 1200 کروڑ کے ترقیاتی پراجکٹس کا افتتاح ‘وزیر اعظم مودی کا خطاب

امپھال، 13 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج منی پور کے امپھال میں 1200 کروڑ روپے سے زیادہ کے متعدد ترقیاتی پراجکٹوں کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ منی پور کی ترقی کے لیے آج ہزاروں کروڑ روپے کے پراجکٹوں کا افتتاح اور آغاز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان پراجکٹوں سے لوگوں کے لیے زندگی گزارنے میں آسانی میں اضافہ ہوگا اور خطے میں بنیادی ڈھانچے کو فروغ حاصل ہوگا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ منی پور کے نوجوانوں اور ریاست کے بیٹوں اور بیٹیوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ آج شروع کیے گئے پراجکٹوںمیں سے دو خاص طور پر اہم ہیں ، جن میں 3600 کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کے ساتھ منی پور اربن روڈز پراجکٹ اور 500 کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کے ساتھ منی پور انفوٹیک ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کو نمایاں کیا گیا ہے ۔ مودی نے کہا کہ یہ پراجکٹ امپھال میں سڑک کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کریں گے اور منی پور کے روشن مستقبل میں نئی توانائی کا اضافہ کریں گے ۔ انہوں نے شروع کیے گئے تمام نئے پراجکٹوں کے لیے منی پور کے عوام کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں ۔اس بات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہ آزادی کے بعد ملک کے مغربی اور جنوبی حصوں کے بڑے شہروں میں ترقی ہوئی اور وہ امنگوں کے مرکز بن گئے ۔ مودی نے کہا کہ ان علاقوں کے نوجوانوں کو نئے مواقع ملے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 21 ویں صدی مشرق اور شمال مشرق کی ہے ۔ اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ اس کے نتیجے میں منی پور کی ترقی کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ہند نے منی پور کی ترقی کو مسلسل ترجیح دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2014 سے پہلے منی پور کی ترقی کی شرح ایک فیصد سے بھی کم تھی ۔ انہوں نے کہا کہ آج منی پور پہلے سے کئی گنا زیادہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے ۔ مودی نے کہا کہ منی پور میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا ایک نیا مرحلہ شروع ہوا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ریاست میں سڑکوں کی تعمیر اور قومی شاہراہوں کی ترقی کی رفتار میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر گاؤں تک سڑک رابطہ بڑھانے کیلئے تیزی سے کام جاری ہے ۔