حکومت مہاراشٹرا کے بیرون ریاست سے آئے 7 ہزار افراد کیلئے 262 ریلیف کیمپ

   

ممبئی ۔30مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام)مہاراشٹرا کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے آج اعلان کیا ہے کہ ریاستی حکومت بیرون ریاست سے آئے مزدور طبقہ اور 7 ہزار بیرون ریاست کیلئے 262 ریلیف کیمپ بنائے گی جہاں ان بیرون ریاست کے قیام و طعام کا بندوبست کیا جائے گا کیونکہ ریاست میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک دس افراد لقمہ اجل ہو چکے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 512 تک پہنچ گئی ہے ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ فی الوقت ریاستی حکومت 7 ہزار سے زائد بیرون ریاست سے آئے اور دیگر افراد کیلئے شیلٹر ہوم چلا رہی ہے جہاں انہیں مفت کھانا دستیاب کرایا جا رہا ہے۔ گزشتہ روزریاست مہاراشٹر اور بیرون مہاراشٹر سے آئے ایک بڑی تعداد میں مزدوروں نے ریاست اور اپنے اضلاع سے لاک ڈاون کے دوران نکلنے کی کوشش کی تھی جس کے بعد پولیس نے انہیں اپنی تحویل میں لیکر شیلٹر کیمپ میں رکھا تھا ۔وزیر اعلی کے سیاسی مشیر کشور تیواری نے کہا کہ ان ریلیف کیمپ کے قیام سے توقع کی جاتی ہے کہ ریاست چھوڑ کر جانے والوں کا سلسلہ بند ہو گا اور کرونا وائرس کے پھیلنے پر روک لگائی جا سکے گی ۔ذرائع نے مزید کہا کہ حکومت 262 سے زائد ریلیف کیمپ قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اس لئے مختلف اضلاع سے بیرون ریاست کے افراد کا ڈیٹا منگایا گیا ہے ۔ اُدھو اٹھاکرے نے بیرون ریاست سے آئے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ مصیبت کی اس گھڑی میں وہ گھبرائیں نہیں بلکہ صبروتحمل کا مظاہرہ کریں اور ریاستی حکومت ان کے قیام اور طعام کا بندوبست کرے گی ۔ریاستی حکومت نے غریبوں کیلئے سستا کھانا دس روپیہ کے داموں میں تخفیف کر کے اسے پانچ روپیہ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے جس کے تحت ایک لاکھ افراد کو اب پانچ روپیہ میں کھانا دستیاب ہو گا ۔اسی درمیان لارسن اینڈ ٹوبرو کمپنی کے چیئرمین پی این نائک نے اعلان کیا ہے کہ ان کی کمپنی 500کروڑ روپئے 1,60,000 یومیہ مزدوروں پر خرچ کر یگی جس سے ان کی رہائش، قیام و طعام کا بندوبست کیا جا سکے گا۔کمپنی نے وزیر اعظم فنڈ میں 150کروڑ روپیہ عطیہ دینے کا بھی اعلان کیا ہے ۔