سیکریٹریٹ میں مہیلا شکتی کینٹین کا افتتاح ۔ ریاستی وزیر سیتا اکا کا خطاب
حیدرآباد۔21۔جون(سیاست نیوز) وزیر بہبود برائے خواتین و اطفال انوسویا سیتا اکا نے آج سیکریٹریٹ میں مہیلا شکتی کینٹین کا افتتاح انجام دیا۔ حکومت کے منصوبہ کے مطابق سیکریٹریٹ میں ابتدائی کینٹین کا افتتاح انجام دیا گیا اور تقریب میں محترمہ سیتا اکا ‘ چیف سیکریٹری شانتی کماری پرنسپل سیکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ و دیگر موجود تھے ۔ریاستی وزیر نے کہا کہ حکومت سے خواتین کی تنظیموں کے ساتھ خواتین کو خود مکتفی بنانے کیلئے 17 شعبہ جات کی نشاندہی کا عمل مکمل کیا ہے اور ان تنظیموں کے ذمہ داروں اورکارکنوں کو حکومت سے 5سال کیلئے بلا سودی قرض فراہم کرکے کاروبار کے قیام کے اقدامات کئے جائیں گے ۔انہوںنے بتایا کہ حکومت سے خواتین کو مہالکشمی اسکیم کے تحت لکھ پتی بنانے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان اقدامات کے حصہ کے طور پر سیکریٹریٹ میں کینٹین کا آغاز کیاگیا ہے۔محترمہ سیتا اکا نے بتایا کہ سیکریٹریٹ میں کینٹین کی نشاندہی کیلئے تمام ریاستی وزراء کے چیمبرس کے پاس خصوصی انتظامات کئے جائیں گے تاکہ سیکریٹریٹ پہنچنے والوں کو پتہ چلے کہ سیکریٹریٹ میں مہیلا شکتی کینٹین کارکرد ہے۔انہوں نے چیف سیکریٹری شانتی کماری کو ہدایت دی کہ وہ ریاست کے تمام اضلاع میں سرکاری دواخانوں میں مہیلا شکتی کینٹین کے آغاز کو یقینی بنائیں اور جلد خواتین کی تنظیموں کے ذمہ داروں اور کارکنوں سے بات کرتے ہوئے اس عمل کو مکمل کیا جائے ۔محترمہ سیتا اکا نے کینٹین کی ذمہ دار خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ کے اشیائے تغذیہ کی فروخت کو یقینی بنائیں اور لذیذ اشیائے خورد ونوش کی تیاری کے ذریعہ کاروبار میں اضافہ کریں۔انہوں نے کہا کہ سیکریٹریٹ میں دیہی خواتین کی نگرانی میں شروع کی گئی یہ کینٹین کسی بھی کارپوریٹ کینٹین سے کم نہیں ہے اور ان کینٹین میں صفائی کا خصوصی خیال رکھا جا رہاہے۔3