حیدرآباد۔ 19 مارچ (سیاست نیوز) حکومت نے اسمبلی اور کونسل میں رابطہ کو مضبوط بنانے اہم قدم اُٹھاتے ہوئے گورنمنٹ وہپس کا تقرر عمل میں لایا ۔چیف سیکریٹری کے رام کرشنا راؤ نے احکام جاری کئے۔ ریونت ریڈی نے ایوانوں میں سرکاری موقف کو مضبوط بنانے اور ارکان اسمبلی کو متحد رکھنے 3 سینئر قائدین کو اسمبلی میں گورنمنٹ وہپ مقرر کیا ۔ ان میں وی ویرشم (نکریکل ایم ایل اے)، وجئے رمنا راؤ (پداپلی ) اور سرینواس ریڈی (محبوب نگر ) شامل ہیں۔ اس طرح کونسل میں بھی سرکاری اُمور کو موثر طریقے سے چلانے 2 ارکان کونسل ای دیاکر اور بی وینکٹ کو وہپ مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی ذمہ داری ایوانوں میں اہم بلز کے دوران ارکان کی حاضری کو یقینی بنانا ہوگا۔ ان وہپس کو یہ اختیار بھی ہوگا کہ وہ پارٹی لائن کے خلاف جانے سے روکنے وہپ جاری کریں ۔ وہپس کے تقررات کے بعد اسمبلی اور کونسل میں حکومت کی پوزیشن مضبوط ہونے کی توقع ہے۔ یہ قائدین ، ایوانوں میں اپوزیشن کی تنقید کا موثر جواب دینے اور سرکاری ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں کلیدی رول ادا کریں گے ۔2