سر پر کفن باندھ کر نکلا ہوں ، طنزیہ ریمارکس کرتے ہوئے سابق وزیر حضور نگر کو روانہ
حیدرآباد :۔ اراضی قبضہ کے الزامات کا سامنا کرنے والے سابق وزیر صحت ایٹالہ راجندر سے حکومت نے سیکوریٹی سے دستبرداری اختیار کرلی اور بلٹ پروف گاڑی وغیرہ بھی واپس لے لی ۔ ریاست میں 48 گھنٹوں کے دوران غیر معمولی سیاسی تبدیلیاں برآمد ہوئی ہے ۔ 8 کسانوں کی شکایت پر چیف منسٹر نے فوری ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایٹالہ راجندر کے خلاف اراضی قبضہ کی تحقیقات کرائی پہلے 66 ایکڑ اراضی قبضہ کرنے کی میدک کلکٹر اور ویجلنس سے ابتدائی رپورٹ وصول ہونے کے بعد گورنر سے سفارش کرتے ہوئے وزارت کا قلمدان ایٹالہ راجندر سے چھین لیا گیا ۔ دوسرے دن سنسنی خیز فیصلہ کرتے ہوئے انہیں کابینہ سے برطرف کردیا گیا اور آج ان سے وزیر کو جو سیکوریٹی دی جاتی ہے اس سے دستبرداری اختیار کرلی گئی ہے ۔ عام طور پر ایک وزیر کو 10 گن مین کی سیکوریٹی فراہم کی جاتی ہے ۔ ساتھ ہی بلٹ پروف گاڑی اور ان کے کانوے میں شامل اسکارٹ گاڑی کو بھی چھین لیا گیا ہے ۔ اب انہیں صرف ایک رکن اسمبلی کو جو سیکوریٹی دی جاتی ہے وہی سیکوریٹی برقرار رکھی گئی ہے ۔ شاہ میر پیٹ میں اپنی قیام گاہ پر سیکوریٹی فراہم کرنے کی دستاویزی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ایٹالہ راجندر اپنے حامیوں سے تبادلہ خیال کرنے کے لیے حضور آباد روانہ ہوگئے ۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ حلقہ کے عوام اور حامیوں سے بات چیت کرنے کے بعد اپنے مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔۔