حکومت نے خود برقی بل ادا نہیں کیا ! ۔

   

کوٹلہ وجئے بھاسکر ریڈی اسٹیڈیم میں تاریکی کا راج
حیدرآباد۔ حکومت اپنے ہی اسٹیڈیم کے برقی بقایاجات ادا کرنے سے قاصر ہے جس کے سبب یوسف گوڑہ میں کوٹلہ وجئے بھاسکر ریڈی انڈور اسٹیڈیم گذشتہ 4 یوم سے تاریکی میں ڈوبا ہے اور حکومت سے برقی بقایاجاتا کی ادائیگی نہ کئے جانے سے کھلاڑیوں میں شدید برہمی ہے ۔ کہا جار ہاہے کہ حکومت کی جانب سے کھیلوں کے فروغ کے لئے تعمیر کئے گئے اس اسٹیڈیم کو ویران کیا جا رہاہے اور برقی بل ادا نہ کرتے ہوئے اسٹیڈیم کو تاریکی میں ڈبودیا گیا ہے جس کی وجہ سے کھلاڑی انڈور اسٹیڈیم میں کھیلوں کی پریکٹیس نہیں کرپارہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے گذشتہ ہفتہ کوٹلہ وجئے بھاسکر ریڈی انڈور اسٹیڈیم کی برقی منقطع کردی گئی جس سے اسٹیڈیم میں تاریکی چھا گئی۔ بتایاجاتا ہے کہ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کی جانب سے اسٹیڈیم کے برقی بقایاجات ادا نہ کرنے پر نوٹس جاری کرکے فوری بقایاجات کی ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں برقی سربراہی منقطع کرنے کا انتباہ بھی دیا جاچکا تھا لیکن اسٹیڈیم کے انتظامیہ کی جانب سے اس نوٹس کو نظر انداز کئے جانے کے بعدٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل عملہ نے عہدیداروں کی ہدایت پر برقی سربراہی منقطع کردی ہے ۔اسٹیڈیم انتظامیہ سے اس سلسلہ میں دریافت کرنے کی کئی کھلاڑیوںکی جانب سے کی جانے والی کوشش ناکام ثابت ہونے پر وہ شدید ناراض ہیں۔