نئی دہلی: کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے آج حکومت پر کسانوں کے ساتھ دھوکہ دہی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ضرورت پڑی تو دس برس تک کسان تحریک چلائی جائے گی۔ ٹکیت نے کسانوں کے بھارت بند کو تحریک کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دس ماہ سے کسان تین متنازعہ زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے قومی دارالحکومت کے مضافات میں مہم چلا رہے ہیں اور اگر حکومت کی ہٹ دھرمی جاری رہی تو یہ تحریک دس سال تک چلائی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی ناکہ بندی نہیں کی گئی بلکہ ضروری خدمات کو بند سے مستثنیٰ رکھا گیا۔ دودھ اور پھل سبزیوں کی فراہمی، امتحانات دینے والے طلباء اور بیمار لوگوں کو بند سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے ۔حکومت متنازعہ قوانین کو واپس لئے بغیر کسانوں سے بات کرنا چاہتی ہے جو قابل قبول نہیں ہے ۔