بی جے پی حکومت کسانوں کی نہیں صنعت کاروں کی خیرخواہ: راہول گاندھی
نئی دہلی: کسانوں کی تحریک اور کورونا کی صورت حال کے معاملہ پر کانگریس ،مودی حکومت پر مسلسل تنقیدیں کر رہی ہے۔ چنانچہ کانگریس قائد راہول گاندھی نے ترقی کے معاملہ پر مودی حکومت پر نکتہ چینی کی ہے۔ انہوںنے کہا ہے کہ مودی حکومت ، کسانوں کے مفادات کی باتیں کر کے محض دکھاوا کرتی ہے، لیکن حقیقت میں وہ سرمایہ داروں کی خیرخواہ ہے اور اسی وجہ سے اس نے صنعت کاروں کا کھربوں روپے کا قرض معاف کیا ہے۔راہول گاندھی نے کہا ’’23 کھرب 78 ارب 76 کروڑ روپے کا قرض اس سال مودی حکومت نے کچھ صنعتکاروں کا معاف کیا۔ اس رقم سے کووڈ کے مشکل وقت میں 11 کروڑ خاندان کو 20، 20 ہزار روپے دیئے جاسکتے تھے۔ مودی کی ترقی کی حقیقت۔‘‘مودی سرکار کو صنعت کاروں کیلئے کام کرنے والی مشینری قرار دیتے ہوئے راہول نے اس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسے عوام اور کسانوں سے زیادہ اپنے چند سرمایہ دار دوستوں کی فکر ہوتی ہے اور ان کے حق میں بار بار فیصلے لیتی ہے۔راہول اس سے پہلے بھی مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہر شہری کے بینک کھاتے میں 15 لاکھ اور ہر سال 2 کروڑ ملازمتوں کا وعدہ کیا تھا۔ نوٹ بندی کی یاد دلاتے ہوئے کانگریس قائد نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے کہا تھا کہ مجھے 50 دنوں کا وقت دیجئے سب کچھ ٹھیک کر دوں گا۔ اسی طرح کورونا وائرس کے معاملہ پر بھی وزیر اعظم نے جنگ جیتنے کے لئے 21 دنوں کا وقت مانگا تھا لیکن ہر معاملے میں مودی ناکام رہے۔